news
عرفان خان کے بیٹے بابل خان کا جذباتی ویڈیو پیغام وائرل، بالی ووڈ پر شدید تنقید
بالی وڈ کے عظیم اداکار عرفان خان کے صاحبزادے اور نووارد اداکار بابل خان نے حال ہی میں ایک ویڈیو کے ذریعے سوشل میڈیا پر جذباتی ہلچل مچا دی ہے۔ یہ ویڈیو، جو اُن کی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی گئی تھی، دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، جس میں بابل خان شدید ذہنی دباؤ میں نظر آئے اور بالی ووڈ انڈسٹری پر کھل کر تنقید کی۔
ویڈیو میں بابل خان نے بالی ووڈ کو “مصنوعی” اور “بکواس” دنیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں زیادہ تر لوگ صرف دکھاوا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کئی معروف شخصیات کے نام لیتے ہوئے اُن پر سخت الفاظ میں نکتہ چینی کی، جن میں اننیا پانڈے، شنایا کپور، ارجن کپور، سدھانت چترویدی، راگھو جویال، آدرش گورو اور یہاں تک کہ معروف گلوکار اریجیت سنگھ بھی شامل تھے۔ بابل کا کہنا تھا:
“میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سب لوگ، ہاں شنایا، اننیا، ارجن، سدھانت، راگھو، آدرش، اور حتیٰ کہ اریجیت بھی… یہ سب بہت بدتمیز ہیں۔ بالی ووڈ ایک بہت خراب جگہ ہے۔”
ویڈیو کی اشاعت کے بعد، نہ صرف اس کلپ کو حذف کر دیا گیا بلکہ بابل خان نے اپنا مکمل انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کر دیا، جس سے اُن کی ذہنی حالت اور جذباتی کیفیت پر مزید سوالات اٹھنے لگے۔ مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بابل کی پریشانی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بالی ووڈ کے اندرونی ماحول پر شدید تنقید کی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بابل خان نے حال ہی میں ایک فلم “لاگ آؤٹ” میں اداکاری کی تھی، جو سوشل میڈیا کی دنیا، شہرت کی دوڑ اور اس کے منفی نفسیاتی اثرات پر مبنی ہے۔ فلم میں بابل کا کردار ایک ایسے انفلوئنسر کا ہے جو فالوورز کی چاہ میں اپنی اصل پہچان کھو بیٹھتا ہے — گویا حقیقت اور فن ایک دوسرے کی عکاسی کر رہے ہوں۔
تاحال بابل خان یا ان کے خاندان یا نمائندہ ٹیم کی جانب سے اس ویڈیو یا انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بندش پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم، سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بابل کیلئے ہمدردی، دعاؤں اور حمایت کا سلسلہ جاری ہے۔
news
پاکستان کی الیکٹرانک وارفیئر میں برتری، بھارتی ڈپٹی آرمی چیف کا جنگی ناکامی کا اعتراف
نئی دہلی میں ایک اہم دفاعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی ڈپٹی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے معرکہ حق کے دوران پاکستان سے جنگ میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے الیکٹرانک وار فیئر کے شعبے میں بھارتی افواج کو حیران و پریشان کر دیا، خصوصاً پاک فضائیہ کی الیکٹرانک جنگی صلاحیتیں بے مثال رہیں۔ انہوں نے آپریشن سندور کے دوران پاک فوج کے الفتح راکٹ سسٹم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان راکٹوں نے بھارتی فوجی اڈوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ جنرل راہول سنگھ نے کہا کہ ہمیں اس جنگ میں صرف پاکستان سے نہیں بلکہ بیک وقت تین دشمنوں کا سامنا تھا، اگرچہ سرحد ایک تھی مگر مخالفین میں پاکستان، چین اور ترکی شامل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نہ صرف پاکستان کو اسلحہ فراہم کر رہا تھا بلکہ جنگ کے دوران لائیو معلومات بھی فراہم کرتا رہا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں پاکستان کو ملنے والا 81 فیصد اسلحہ چینی ساختہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنی عسکری ٹیکنالوجی کو براہ راست میدان جنگ میں ٹیسٹ کر رہا تھا اور پاکستان اس کے لیے ایک تجربہ گاہ کی مانند تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ترکی پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ پاکستان کو نہ صرف ڈرون فراہم کر رہا تھا بلکہ اب ترک ماہرین بھی پاکستانی فوج کے ساتھ موجود تھے۔
news
اے آئی پر مبنی نیا سسٹم گاڑیوں کے حادثات میں نقصانات کا درست اندازہ
سائنس دان ایک ایسا جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی ٹول تیار کر رہے ہیں جو گاڑیوں کے حادثات کے بعد پہنچنے والے نقصانات کا درست اندازہ لگا سکے گا اور مرمت کے لیے درکار اقدامات کو منظم انداز میں ترتیب دے گا۔ یہ منصوبہ یونیورسٹی آف پورٹس ماؤتھ کے اسکول آف کمپیوٹنگ، ایکسیڈنٹ ریپئر گروپ اے بی ایل 1، اور انوویٹ یو کے کے باہمی اشتراک سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ اس جدید اے آئی سسٹم کو برطانیہ کی صف اول کی انشورنس کمپنیوں اور گاڑی فراہم کرنے والے اداروں کو فراہم کیا جائے گا۔
ایسوسی ایشن آف برٹش انشوررز کے مطابق 2024 میں 24 لاکھ گاڑی مالکان نے انشورنس کلیم کیے، جس کے نتیجے میں 11 ارب 7 کروڑ پاؤنڈز کی خطیر رقم ادا کی گئی، جو کہ 2023 کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔ ان اعداد و شمار سے واضح ہوتا ہے کہ گاڑیوں کے حادثات اور ان سے متعلق اخراجات ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکے ہیں، جس کے حل کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے۔
یونیورسٹی کے اے آئی اور ڈیٹا سائنس سینٹر سے وابستہ پروفیسر محمد بدر نے اس منصوبے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سسٹم انڈسٹری کو ایک ’ٹیکنیکل بینچ مارک‘ فراہم کرے گا، جو عملی ماہر انجینئرز کو جدید مشین لرننگ اور کمپیوٹر ویژن کے امتزاج کے ساتھ کام کرنے کا موقع دے گا۔ اس سسٹم کی مدد سے انشورنس کمپنیاں نہ صرف حادثات کے نقصانات کا فوری اور درست اندازہ لگا سکیں گی بلکہ مرمت کے مراحل کو بھی تیز، مؤثر اور شفاف بنا سکیں گی۔
- news3 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news3 months ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
- news2 months ago
اداکارہ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا
- news2 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے