news
عرفان خان کے بیٹے بابل خان کا جذباتی ویڈیو پیغام وائرل، بالی ووڈ پر شدید تنقید
بالی وڈ کے عظیم اداکار عرفان خان کے صاحبزادے اور نووارد اداکار بابل خان نے حال ہی میں ایک ویڈیو کے ذریعے سوشل میڈیا پر جذباتی ہلچل مچا دی ہے۔ یہ ویڈیو، جو اُن کی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی گئی تھی، دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، جس میں بابل خان شدید ذہنی دباؤ میں نظر آئے اور بالی ووڈ انڈسٹری پر کھل کر تنقید کی۔
ویڈیو میں بابل خان نے بالی ووڈ کو “مصنوعی” اور “بکواس” دنیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں زیادہ تر لوگ صرف دکھاوا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کئی معروف شخصیات کے نام لیتے ہوئے اُن پر سخت الفاظ میں نکتہ چینی کی، جن میں اننیا پانڈے، شنایا کپور، ارجن کپور، سدھانت چترویدی، راگھو جویال، آدرش گورو اور یہاں تک کہ معروف گلوکار اریجیت سنگھ بھی شامل تھے۔ بابل کا کہنا تھا:
“میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ سب لوگ، ہاں شنایا، اننیا، ارجن، سدھانت، راگھو، آدرش، اور حتیٰ کہ اریجیت بھی… یہ سب بہت بدتمیز ہیں۔ بالی ووڈ ایک بہت خراب جگہ ہے۔”
ویڈیو کی اشاعت کے بعد، نہ صرف اس کلپ کو حذف کر دیا گیا بلکہ بابل خان نے اپنا مکمل انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کر دیا، جس سے اُن کی ذہنی حالت اور جذباتی کیفیت پر مزید سوالات اٹھنے لگے۔ مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بابل کی پریشانی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور بالی ووڈ کے اندرونی ماحول پر شدید تنقید کی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ بابل خان نے حال ہی میں ایک فلم “لاگ آؤٹ” میں اداکاری کی تھی، جو سوشل میڈیا کی دنیا، شہرت کی دوڑ اور اس کے منفی نفسیاتی اثرات پر مبنی ہے۔ فلم میں بابل کا کردار ایک ایسے انفلوئنسر کا ہے جو فالوورز کی چاہ میں اپنی اصل پہچان کھو بیٹھتا ہے — گویا حقیقت اور فن ایک دوسرے کی عکاسی کر رہے ہوں۔
تاحال بابل خان یا ان کے خاندان یا نمائندہ ٹیم کی جانب سے اس ویڈیو یا انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بندش پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم، سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بابل کیلئے ہمدردی، دعاؤں اور حمایت کا سلسلہ جاری ہے۔