news
اداکارہ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا
لاہور:
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ماڈل علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
علیزہ شاہ، جو فلم ’سپر اسٹار‘ سے فلمی دنیا میں داخل ہوئیں اور ڈرامہ ’عہدِ وفا‘ کے ذریعے شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں، حالیہ برسوں میں اپنے لباس، اسٹائل اور میوزک ویڈیوز کی وجہ سے مسلسل سوشل میڈیا ٹرولنگ کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔
حال ہی میں علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اعتراف کیا کہ وہ بظاہر مضبوط دکھائی دیتی ہیں، لیکن حقیقت میں ذہنی دباؤ اور مشکلات سے گزر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی غیر اخلاقی راستہ اختیار نہیں کیا، اس کے باوجود شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو انہیں ذہنی طور پر متاثر کر رہی ہے۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر “She Quits” لکھ کر سوشل میڈیا چھوڑنے کا باضابطہ اعلان کیا اور اپنے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے پوسٹس بھی حذف کر دی ہیں۔ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا کو “جہنم” سے تعبیر کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
علیزہ شاہ کے اس اعلان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ افراد نے اسے محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا، جب کہ کچھ نے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا: ’’اگر سوشل میڈیا پر آتی ہو تو تنقید کا سامنا کرنے کا حوصلہ بھی رکھو۔‘‘ جبکہ ایک اور صارف نے کہا: ’’لگتا ہے علیزہ کسی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، انہیں مدد اور دعا کی ضرورت ہے۔‘‘
مداحوں کی بڑی تعداد نے علیزہ شاہ کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد اپنی زندگی میں سکون اور خوشی حاصل کریں گی۔