news

وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے

Published

on

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان کے وجود کو خطرہ لاحق ہوا تو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان پوری قوت سے جواب دے گا، اور اگر بھارت کی جانب سے نیوکلیئر حملے کی دھمکی دی گئی تو پاکستان کے پاس اس کا جواب دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حملے کا خطرہ موجود ہے اور پاکستان ہائی الرٹ پر ہے۔ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر سرحد پار کرنے یا جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔ وزیر دفاع کے مطابق پاکستان کی تینوں مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور وہ تمام اقدامات کر لیے گئے ہیں جو صورتحال کے پیشِ نظر ضروری تھے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ چین، سعودی عرب اور دیگر ممالک کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ چند دنوں میں کچھ ہونا ہوا تو ہو جائے گا، بصورت دیگر خطرہ ختم ہو جائے گا کیونکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے الیکشنز بھی قریب ہیں۔

انہوں نے بھارت کے جانب سے مسلسل اشتعال انگیز بیانات پر تشویش کا اظہار کیا اور پہلگام واقعے کی غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی درخواست پر ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا بیانیہ سچ پر مبنی ہے۔

خواجہ آصف نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں بھی واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ حکومت تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اگر بھارت نے کوئی اشتعال انگیزی کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version