news

فرحان سعید کا بھارتی پابندی پر دلچسپ ردعمل: فن سرحدوں کا محتاج نہیں

Published

on

لاہور/ممبئی:
پاکستان کے نامور گلوکار و اداکار فرحان سعید نے بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے فیصلے پر دلچسپ اور مؤثر انداز میں ردعمل دیا ہے، جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔

فرحان سعید، جو اُڈاری، سنو چندا، پریم گلی اور میرے ہمسفر جیسے مقبول ڈراموں سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی لاکھوں دلوں پر راج کر چکے ہیں، ان دنوں ڈرامہ شیریں فرہاد میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے 40 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے مواد پر پابندی کے بعد، فرحان سعید نے انسٹاگرام پر مزاحیہ مگر بامعنی تبصرہ کیا۔ انہوں نے لکھا:

“بات جنگ سے شروع ہو کر ہائی سکول والی بلاکنگ پر آگئی ہے! یہ آپ کا نقصان ہے۔ ان تمام بھارتی مداحوں کو محبت بھیجتا ہوں جو اس پابندی کا شکار بنے، اور دعا کرتا ہوں کہ سمجھداری غالب آئے تاکہ آپ اپنے پسندیدہ فنکاروں کو دوبارہ دیکھ سکیں۔”

فرحان کے اس بیان پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کچھ نے ان کے انداز کو پرامن، باوقار اور تخلیقی قرار دیا، جب کہ کچھ نے زور دیا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف کھل کر بولنا چاہیے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی مداح بھی خاموش نہیں بیٹھے۔ بہت سے افراد نے VPN کے ذریعے ’’شیریں فرہاد‘‘ دیکھنا جاری رکھا اور اس کے اسکرین شاٹس فرحان سعید کو بھیجے، جنہیں انہوں نے خود اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر بھی کیا۔

یہ صورتحال اس بات کی عکاس ہے کہ فن و ثقافت سرحدوں کے پابند نہیں ہوتے اور مداح کسی بھی صورت اپنے پسندیدہ فنکاروں تک رسائی حاصل کر ہی لیتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version