news
داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے عالمی بینک سے پاکستان کو 1 ارب ڈالر قرض ملنے کا امکان
اسلام آباد:
عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے ایک ارب ڈالر کے نئے قرض کی منظوری کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق، داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت میں 190.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جو کہ 1700 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس کی وجوہات میں زمین کے حصول میں تاخیر، سکیورٹی خدشات، اور امریکی ڈالر کی قدر میں 178 فیصد کا اضافہ شامل ہیں۔
داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کا پہلا مرحلہ 2,160 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، جبکہ دوسرے مرحلے کے بعد منصوبے کی مجموعی پیداوار 4,320 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عالمی بینک پہلے ہی 588 ملین ڈالر کا قرض اور 460 ملین ڈالر کی گارنٹی فراہم کر چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 800 ملین ڈالر بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن اور 200 ملین ڈالر بین الاقوامی بحالی و ترقیاتی بینک کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔ بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن کے تحت 435 ملین ڈالر صفر سود پر اور 365 ملین ڈالر 5.83 فیصد شرح سود پر دیے جائیں گے۔
اسی طرح، بین الاقوامی بحالی و ترقیاتی بینک کے تحت 200 ملین ڈالر 6.13 فیصد شرح سود پر فراہم کیے جائیں گے۔ منصوبے کی تکمیل پہلے 2023-24 میں متوقع تھی، لیکن اب یہ 2027-28 میں مکمل ہوگا۔
news
دوسری چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپیئن شپ 2025 کی افتتاحی تقریب
دوسری چیف آف آرمی سٹاف نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ 2025 کے فائنل راؤنڈ کا آغاز آج ایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا۔ مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے ہاکی لیجنڈز، پی ایچ ایف کے عہدیداروں اور کھیلوں کے شائقین کی بڑی تعداد کی موجودگی میں ٹورنامنٹ کے افتتاح کا اعلان کیا۔
افتتاحی تقریب میں سکول کے بچوں اور کھلاڑیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ چیمپئن شپ کے آفیشل گانے، ملی نغموں اور پاکستان رینجرز پنجاب کے بینڈ نے حاضرین کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا۔
معزز مہمانوں میں ہاکی کے قومی ہیروز چوہدری اختر رسول، منظور الحسن، توقیر ڈار، شہباز احمد سینئر، طاہر زمان، آصف باجوہ، انجم سعید، دانش کلیم، کامران اشرف، محمد خالد، طارق شیخ، شیخ محمد عثمان، محمد کاشف، محمد عاصم، میاں زاہد اقبال اور بابر عبداللہ کے علاوہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میر طارق حسین بگٹی اور سیکرٹری رانا مجاہد علی شامل تھے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف نے قومی کھیل کی بحالی کے لیے مسلسل تعاون پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایونٹ میں شریک ٹیموں، عہدیداروں اور منتظمین کو بھی سراہا اور کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
فائنل راؤنڈ میں دس بہترین ٹیمیں شامل ہیں، جنہوں نے ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی راؤنڈز کے بعد قومی سطح کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 20 دسمبر 2024 سے پاکستان بھر میں ضلعی سطح کے مقابلوں سے ہوا، جس میں 57 اضلاع سے 11594 کھلاڑیوں نے 527 کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے حصہ لیا۔ پنجاب سے چار، سندھ اور کے پی کے سے دو دو اور بلوچستان، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور اسلام آباد سے ایک ایک ٹیم فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ یہ ٹیمیں قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی کے لیے مقابلہ کریں گی۔
بہترین دس ٹیموں کے درمیان مقابلے 15 فروری 2025 کو منعقد ہونے والے فائنل میچ اور اختتامی تقریب تک جاری رہیں گے
news
نواز شریف اور مریم نواز سے پنجاب اسمبلی اراکین کی ملاقات
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیرآباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سے منتخب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔
پارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال، عوام کے مسائل اور حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر گفتگو ہوئی۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو صوبے میں بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے محمد نواز شریف اور شہباز شریف کے دور کی کارکردگی کی یاد تازہ کر دی ہے۔ سیاسی تعصبات سے پاک شفافیت اور میرٹ پر ترقیاتی کاموں کی تکمیل خوش آئند اور مثبت سیاسی روایت ہے۔ سستی اور وافر کھاد کی دستیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف مبارکباد اور شاباش کی مستحق ہیں۔
ارکان اسمبلی نے کہا کہ کسان کارڈ کی بدولت آڑھتیوں سے چھٹکارا ملنے پر کاشتکار خوشحال ہوا ہے۔ صحت کے پورے نظام کی بہتری، مفت ادویات اور گھر کی دہلیز پر علاج، ہونہار سکالرشپ کی فراہمی اور ستھرا پنجاب کی سکیمیں قابل تحسین ہیں۔ اجتماعی شادیوں کے “دھی رانی پروگرام” کو عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے۔
اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ آپ سب میری طاقت اور عزت ہیں۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں