news
خیبرپختونخواہ: طالبات کیلئے مفت ٹرانسپورٹ اور زائد فیس لینے والے سکولوں کیخلاف کارروائی
خیبرپختونخواہ حکومت نے مڈل سکول کی طالبات کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے تعلیمی سہولیات کے فروغ اور بچیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے یہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے 10 پسماندہ اضلاع کی طالبات کو فراہم کی جائے گی، جن میں اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولئی پالس، تورغر، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، کوہاٹ، بنوں اور چارسدہ شامل ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق آئندہ تعلیمی سال سے ہوگا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے ایجوکیشن افسران کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے، جس میں ٹرانسپورٹ سہولت کے نفاذ کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد طالبات کو درپیش سفری مشکلات کو کم کرنا ہے، خصوصاً ان بچیوں کے لیے جن کے اسکول ان کے گھروں سے ڈیڑھ کلومیٹر یا اس سے زیادہ فاصلے پر واقع ہیں۔
علاوہ ازیں، خیبرپختونخواہ حکومت نے میٹرک کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات سے پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے مقررہ فیس سے زائد رقم وصول کرنے پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام اور فیسوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ تعلیمی بورڈ نے میٹرک امتحان کے لیے 2600 روپے فیس مقرر کی ہے، تاہم کئی پرائیویٹ اسکول اس سے زائد فیس وصول کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر کمشنر پشاور ڈویژن نے چیئرمین بورڈ کو ان اسکولوں کی فہرست ڈپٹی کمشنرز کو فراہم کرنے کی ہدایت کی، تاکہ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے تعاون سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکول مالکان کے خلاف کارروائی کی جا سکے اور طلبہ سے وصول کی گئی اضافی فیس واپس کروائی جا سکے۔
یہ دونوں اقدامات خیبرپختونخواہ حکومت کی تعلیم کے فروغ اور طلبہ و طالبات کو سہولیات کی فراہمی کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہیں۔
news
ریحام خان نے “پاکستان ریپبلک پارٹی” کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنا لی
پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان کی سابقہ اہلیہ، صحافی اور سماجی کارکن ریحام خان نے باضابطہ طور پر اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کی جماعت کا نام “پاکستان ریپبلک پارٹی” ہوگا۔ ریحام خان نے کہا کہ ان کی جماعت صرف اقتدار کے حصول کی سیاست نہیں کرے گی بلکہ عوامی فلاح، شفافیت اور انصاف کے لیے جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار نہیں اور نہ ہی عارضی سیاست دان ہیں، بلکہ وہ اگلے 30 سال کی حکمت عملی لے کر میدان میں آئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں عام شہری کی آواز دبائی جاتی ہے لیکن پاکستان ریپبلک پارٹی ہر نظرانداز شدہ طبقے کی نمائندہ بنے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی سیاست خدمت اور عوامی مسائل کے حل پر مبنی ہوگی، کیونکہ ملک میں ابھی بھی لوگ صاف پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ ریحام خان نے بتایا کہ بی بی سی سے استعفیٰ دینے کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ چار سال گزار چکی ہیں اور اس دوران انہیں پاکستان سے محبت ہو گئی، اس لیے اب وہ سیاست کے ذریعے ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کراچی پریس کلب کو سیاسی جدوجہد کے آغاز کی علامت قرار دیا اور کہا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام سے جڑنے اور ان کی آواز بننے کا عزم رکھتی ہیں۔
news
الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کو جعلی ڈگری پر نااہل قرار دے دیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر نااہل قرار دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ فیصلہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس پر محفوظ کیا گیا تھا جو اب جاری کر دیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ جمشید دستی نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں اثاثے چھپائے اور جھوٹے تعلیمی کوائف جمع کروائے۔ درخواست گزار کے مطابق جمشید دستی نے ایف اے پاس ہونے کا دعویٰ کیا تھا، جب کہ وہ نہ میٹرک پاس ہیں نہ ایف اے۔ یاد رہے کہ جمشید دستی نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز پاکستان پیپلز پارٹی سے کیا تھا اور بعد ازاں آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن جیت کر حنا ربانی کھر کے والد کو شکست دی تھی۔ حالیہ انتخابات میں وہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کے طور پر کامیاب ہوئے، اور ان کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جنہیں 9 مئی کے بعد مبینہ طور پر پارٹی چھوڑنے کے لیے دباؤ کا سامنا رہا۔
- news3 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news3 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے
- news3 months ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
- news2 months ago
فرحان سعید کا بھارتی پابندی پر دلچسپ ردعمل: فن سرحدوں کا محتاج نہیں