news
مناسک حج 1446ھ کا آغاز، لاکھوں عازمین منیٰ روانہ، وقوف عرفہ کل ہوگا
لبیک اللھم لبیک کی روح پرور صداؤں کے ساتھ مناسک حج 1446 ہجری کا باقاعدہ آغاز آج 8 ذوالحجہ کو ہو گیا ہے۔ دنیا بھر سمیت پاکستان سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج جمعرات کی صبح تک منیٰ میں قیام کریں گے اور عبادات، دعا اور استغفار میں مشغول رہیں گے۔ عازمین آج احرام باندھ کر دو رکعت نفل نماز ادا کرنے کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے، جہاں وہ ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔
کل 9 ذوالحجہ کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا جائے گا۔ عازمین میدان عرفات روانہ ہوں گے جہاں مسجد نمرہ میں امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید حج کا خطبہ دیں گے اور نماز ظہر و عصر کی امامت کریں گے۔ حجاج کرام سورج غروب ہونے تک وقوف عرفہ کریں گے، جس کے بعد وہ مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔
دس ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد حجاج بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اور حلق یا قصر کے بعد احرام کھول دیں گے۔ گیارہ اور بارہ ذوالحجہ کو حجاج کرام تینوں شیطانوں کو سات سات کنکریاں ماریں گے، جب کہ طواف زیارت اور صفا مروہ کی سعی بھی ادا کریں گے۔ 13 ذوالحجہ کو رمی جمرات کے بعد حجاج منیٰ سے واپسی اختیار کریں گے۔
اس سال تقریباً 20 لاکھ سے زائد عازمینِ حج کی شرکت متوقع ہے، جن میں مقامی اور بین الاقوامی زائرین شامل ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں فیلڈ اسپتال، ڈسپنسریاں، اور عارضی کلینکس قائم کیے گئے ہیں تاکہ حجاج کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پاکستانی عازمین کے لیے پاکستان حج مشن کی جانب سے مخصوص مکاتب میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے 40 ہزار فوجی اہلکار اور 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کی فضائی نگرانی کے لیے رائل سعودی سیکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹرز بھی گشت کر رہے ہیں۔ اس سال سعودی حکومت نے بغیر اجازت حج کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں اور اب تک 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کو مکہ میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔
news
آن لائن اکیڈمیز اور نان فائلرز پر نیا ٹیکس، سینیٹ کمیٹی کی تجاویز منظور
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے آن لائن اکیڈمیز پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز منظور کرلی ہے۔ چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے انکشاف کیا کہ بعض آن لائن اکیڈمیز دو کروڑ روپے ماہانہ تک کما رہی ہیں، اس لیے ان پر ٹیکس لگانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ٹیچر آن لائن تعلیم سے آمدنی حاصل کر رہا ہے تو اسے بھی ٹیکس دینا ہوگا۔
اجلاس میں کلبز کی آمدنی پر بھی ٹیکس لگانے کی تجویز دی گئی، تاہم چیئرمین کمیٹی نے اس کی مخالفت کی، مگر دیگر ممبران نے حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت صرف چند سو افراد کی عیاشی کا ذریعہ ہے، جس پر ٹیکس عائد ہونا چاہیے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ٹیکس صرف اسی وقت لگایا جائے گا جب کسی ادارے یا فرد کی آمدنی اخراجات سے زیادہ ہو۔
اس کے علاوہ ایف بی آر نے نان فائلرز کے لیے جائیداد کی خریداری پر پابندی کا عندیہ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں نان فائلرز کے لیے پراپرٹی خریدنے کی 130 فیصد حد مقرر کی جا رہی ہے۔ سینیٹر محسن عزیز نے اس حد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ نان فائلرز کو ان کی آمدنی سے 500 فیصد زیادہ مالیت کی پراپرٹی خریدنے کی اجازت دی جائے، جسے کمیٹی نے منظور کر لیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان پر گزشتہ سال جرمانے بھی بڑھائے گئے تھے۔ کمیٹی نے آن لائن تعلیم دینے والے پلیٹ فارمز کو بھی باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں لانے کی منظوری دے دی۔
news
عاصم اظہر کے کانسرٹ میں ’میرب‘ کے نعرے، گلوکار کا شائستہ ردعمل وائرل
معروف گلوکار عاصم اظہر کے حالیہ کانسرٹ میں اس وقت غیر متوقع صورتحال پیدا ہو گئی جب شرکاء نے ان کی سابقہ منگیتر میرب علی کے نام کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عاصم اظہر نے اس موقع پر بردباری اور وقار کا مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے لگانے والے مداحوں کو نرمی سے خاموش کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رویے سے گریز کریں کیونکہ ہر انسان کی اپنی فیملی ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ عاصم نے کچھ عرصہ قبل انسٹاگرام اسٹوری پر میرب علی سے منگنی ختم ہونے کی تصدیق کی تھی۔ ان کے اس ردعمل پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ نے ان کے نرم رویے کو سراہا اور اسے ’قابلِ تحسین‘ قرار دیا، جبکہ دیگر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عاصم اظہر نے کانسرٹ سے قبل بریک اپ کی خبر خود شیئر کرکے اس طرح کی توجہ کا رخ اپنی جانب موڑا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عاصم اظہر اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ تعلقات کے باعث بھی خبروں میں رہ چکے ہیں، اور ان کے مداحوں کی جانب سے ہر بار مختلف آرا سامنے آتی رہی ہیں۔
- news2 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news2 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے
- news2 months ago
سی سی آئی کا دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ
- news2 months ago
اداکارہ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا