news
علیزے شاہ کی پلاسٹک سرجری کی افواہوں کی تردید: ’’بس وزن کم ہوا ہے‘‘
پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے اپنی حالیہ ظاہری تبدیلی پر اٹھنے والی پلاسٹک سرجری کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کر دی ہے۔ حالیہ ڈرامہ “عشق بے پرواہ” میں علیزے شاہ کی شاندار اداکاری نے ناظرین کی توجہ حاصل کی، لیکن ان کے چہرے اور جسامت میں واضح تبدیلی نے سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ انہوں نے ممکنہ طور پر کاسمیٹک یا پلاسٹک سرجری کروائی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت مزید گرم ہوا جب سینئر اداکارہ صبا فیصل نے ایک ٹی وی شو میں علیزے کے حوالے سے کہا کہ وہ “بیس فیصد قدرتی” نظر آتی ہیں، جب کہ باقی شخصیت مصنوعی لگتی ہے۔ صبا فیصل کے اس تبصرے کے بعد علیزے شاہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اس تاثر کی نفی کی اور واضح کیا کہ انہوں نے کسی قسم کی پلاسٹک یا کاسمیٹک سرجری نہیں کروائی۔
علیزے نے اپنے بیان میں کہا: “خدارا! میں نے کوئی کاسمیٹک سرجری نہیں کروائی، صرف میرا وزن کم ہوا ہے۔ جب میں نے ’عہدِ وفا‘ کیا تھا، تب میری عمر 17 سال تھی اور اب میں 23 سال کی ہوں۔ ظاہر ہے کہ کوئی بھی شخص چھ سال بعد ایک جیسا نہیں رہتا۔”
علیزے شاہ، جن کے انسٹاگرام پر 4.3 ملین فالوورز ہیں، اکثر اپنی دل کھول کر بات کرنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث رہتی ہیں۔ ان کے دیگر مشہور ڈراموں میں “عہدِ وفا”، “میرا دل میرا دشمن”، “دل موم کا دیا”، “عشق تمنا”، “محبت کی آخری کہانی” اور “تقدیر” شامل ہیں۔
news
امریکا کی یونیورسٹی آف مشیگن نے دنیا کا طاقتور ترین لیزر سسٹم تیار کر لیا
امریکا کی یونیورسٹی آف مشیگن نے اپنی نوعیت کے منفرد اور انتہائی طاقتور لیزر سسٹم ZEUS (Zettawatt-Equivalent Ultrashort Pulse Laser System) کے پہلے تجربے میں دو پیٹا واٹ (یعنی 20 لاکھ ارب واٹ) توانائی پیدا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق یہ توانائی دنیا بھر میں ایک وقت میں پیدا ہونے والی توانائی سے 100 گنا زیادہ ہے، تاہم یہ توانائی ایک انتہائی مختصر لمحے کے لیے خارج ہوتی ہے اور جمع نہیں کی جا سکتی۔
یہ زبردست توانائی ایک سیکنڈ کے 250 کھربویں حصے کے برابر وقت کے لیے پیدا ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حیرت انگیز ٹیکنالوجی کو مستقبل میں طب، کوانٹم فزکس، مٹیریل سائنس اور دیگر جدید سائنسی شعبوں میں تجربات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ZEUS لیزر سسٹم کی تیاری پر امریکی نیشنل سائنس فاؤنڈیشن کی جانب سے 1 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی لاگت آئی، اور اس میں ٹائیٹینیم ایٹمز سے بھرپور 7 انچ کا سیفائر کرسٹل نصب ہے، جس کی تیاری میں چار سال سے زائد کا عرصہ لگا۔
پروجیکٹ منیجر فرینکو بایر کا کہنا تھا کہ ان کے پاس جو سائز کا ٹائیٹینیم سیفائر کرسٹل موجود ہے، وہ دنیا بھر میں بہت کم جگہوں پر دستیاب ہے۔
news
مریم نواز: 9 مئی کا واقعہ بھارت کے حملے سے زیادہ خطرناک تھا
سرگودھا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارت نے جو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، اس سے زیادہ نقصان پاکستان کو 9 مئی کو اندر سے پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات اور حالیہ بھارتی جارحیت میں بہت کم فرق ہے—دونوں کے اہداف پاکستان کی فوج اور تنصیبات تھے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو کسی سیاسی احتجاج سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا، یہ وہی حرکتیں ہیں جو دہشت گرد یا دشمن ریاستیں کرتی ہیں۔ مریم نواز نے طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے نصیحت کی کہ “اپنے وطن کے خلاف کبھی زبان نہ اٹھانا، نہ ہی کوئی ایسا قدم جو سرزمین کو شرمندہ کرے”۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ اپنے لیپ ٹاپ کو وائرس سے بچاتے ہیں، ویسے ہی اپنے ملک کو سیاسی فتنوں اور نفرت انگیزی سے محفوظ رکھیں۔ “ہم بندوق نہیں، لیپ ٹاپ اٹھائیں گے، ہم پتھر نہیں، قلم کا سہارا لیں گے۔”
مریم نواز نے ریاست کو “ماں” قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ریاست کا کام صرف تعلیم دینا نہیں بلکہ آپ کی ترقی اور فلاح کیلئے دن رات کام کرنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ انہیں بھی کئی بار روکنے کی کوشش کی گئی، قید کیا گیا، لیکن آج وہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر قوم کے بچوں کی خدمت کر رہی ہیں۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
پاکستانی فلم’نایاب‘سینماگھروں کی زینت بننےکوتیار،تاریخ سامنے آگئی
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں