news
ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں ہیلن میری رابرٹ چیئر فار پیس اینڈ کنفلیکٹ اسٹڈیز قائم
بریگیڈئیر ڈاکٹر ہیلن میری نے پیس چیئر کا افتتاح کیا
لاہور : ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ و پاکستان اسٹڈیز کے تحت ہیلن میری رابرٹ چیئر فار پیس اینڈ کنفلیکٹ اسٹڈیز قائم کرنے کی تقریب میں پاک فوج کی بریگیڈئیر ڈاکٹر ہیلن میری کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہم سب کو اس بات پر فخر ہے کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں،بریگیڈئیر ڈاکٹر ہیلن میری پاک فوج کا فخر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ چیئر قائم کرنے کا مقصد امن کے فروغ کے لیے ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے تحقیقی کام کرنا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کو امن کے سفیر کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئیر ڈاکٹر ہیلن میری نے کہا کہ تعلیم کا فروغ انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے اور ہمیں بھی اس روایت کو آگے بڑھانا چاہیے۔
ہمیں بھی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور مل کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ڈاکٹر ہیلن میری کا کہنا تھا کہ تعلیم صرف ایک ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ انسان کو ایک بہتر فرد بنانے کا ذریعہ ہے۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر پاکستانی عالمی سطح پر ملک کے تاثر کو بنانے کے لیے کوشاں رہے۔ ڈاکٹر ہیلن میری کا پیغام واضح ہے کہ تعلیم، انسانیت کی خدمت اور امن، یہ تینوں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اگر ہم تعلیم کو اہمیت دیں اور امن کو قائم رکھیں تو ہم ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کر سکتے ہیں۔تقریب میں رجسٹرار ہوم اکنامکس یونیورسٹی شجاعت منیف قریشی سمیت اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں۔
news
خیبرپختونخواہ: طالبات کیلئے مفت ٹرانسپورٹ اور زائد فیس لینے والے سکولوں کیخلاف کارروائی
خیبرپختونخواہ حکومت نے مڈل سکول کی طالبات کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے تعلیمی سہولیات کے فروغ اور بچیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے یہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صوبے کے 10 پسماندہ اضلاع کی طالبات کو فراہم کی جائے گی، جن میں اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولئی پالس، تورغر، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، کوہاٹ، بنوں اور چارسدہ شامل ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق آئندہ تعلیمی سال سے ہوگا۔
صوبائی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں متعلقہ اضلاع کے ایجوکیشن افسران کو مراسلہ بھیج دیا گیا ہے، جس میں ٹرانسپورٹ سہولت کے نفاذ کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد طالبات کو درپیش سفری مشکلات کو کم کرنا ہے، خصوصاً ان بچیوں کے لیے جن کے اسکول ان کے گھروں سے ڈیڑھ کلومیٹر یا اس سے زیادہ فاصلے پر واقع ہیں۔
علاوہ ازیں، خیبرپختونخواہ حکومت نے میٹرک کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات سے پرائیویٹ اسکولوں کی جانب سے مقررہ فیس سے زائد رقم وصول کرنے پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام اور فیسوں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ تعلیمی بورڈ نے میٹرک امتحان کے لیے 2600 روپے فیس مقرر کی ہے، تاہم کئی پرائیویٹ اسکول اس سے زائد فیس وصول کر رہے ہیں۔ اس معاملے پر کمشنر پشاور ڈویژن نے چیئرمین بورڈ کو ان اسکولوں کی فہرست ڈپٹی کمشنرز کو فراہم کرنے کی ہدایت کی، تاکہ پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے تعاون سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکول مالکان کے خلاف کارروائی کی جا سکے اور طلبہ سے وصول کی گئی اضافی فیس واپس کروائی جا سکے۔
یہ دونوں اقدامات خیبرپختونخواہ حکومت کی تعلیم کے فروغ اور طلبہ و طالبات کو سہولیات کی فراہمی کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہیں۔
news
وفاقی بجٹ 2025/26: اشیائے خوردونوش پر 50٪ تک ٹیکس بڑھانے پر غور
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26ء کے بجٹ میں اشیائے خوردونوش پر ٹیکسوں میں 50 فیصد تک اضافے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، حکومت مشروبات اور پروسیس شدہ کھانے پینے کی اشیاء پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) میں نمایاں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے نتیجے میں ان اشیاء کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔
ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق، میٹھے مشروبات جیسے سافٹ ڈرنکس، جوسز، کاربونیٹیڈ سوڈا واٹر، اور دیگر مصنوعی مٹھاس والے مشروبات پر عائد موجودہ 20 فیصد ڈیوٹی کو 40 فیصد تک بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس میں پھلوں کے گودے سے تیار کردہ مشروبات، شربت، سکواش اور دیگر ذائقہ دار مشروبات بھی شامل ہیں، جو اب نئے ٹیکس نیٹ میں آسکتے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ صنعتی سطح پر تیار کردہ ڈیری مصنوعات، جیسے پیک شدہ دودھ، دہی اور دیگر پروسیسڈ مصنوعات پر بھی 20 فیصد نیا ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح، گوشت سے بنی اشیاء جیسے ساسیجز، خشک یا نمکین گوشت اور باربی کیو پروڈکٹس پر بھی ٹیکسوں میں اضافے کی تجویز ہے۔
مزید یہ کہ پروسیسڈ فوڈز کی ایک وسیع رینج، جن میں چیونگم، چاکلیٹ، کینڈی، کیریمل، بسکٹ، پیسٹری، کارن فلیکس اور دیگر ناشتے کے سیریلز شامل ہیں، ان پر بھی ٹیکس بڑھنے کا امکان ہے۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔