news
حج 2025: پاکستانی عازمین کیلئے پیلا کارڈ اور ویکسینیشن لازمی قرار

پاکستان سے فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق مخصوص کارڈ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے تمام عازمین حج کو سعودی عرب روانگی سے قبل گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوانے کی ہدایت کی ہے۔
تمام عازمین کو اپنے قریبی حاجی کیمپ سے یہ ویکسین مفت میں لگوا کر پیلا کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ پیلے کارڈ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔
وزارت مذہبی امور نے مزید کہا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین کو اپنا پرانا کورونا ویکسین کارڈ بھی ساتھ رکھنا ضروری ہے۔ اگر کسی کے پاس یہ کارڈ موجود نہیں، تو حاجی کیمپ سے دوبارہ کورونا ویکسین لگوا کر نیا کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔
عازمین کو سختی سے خبردار کیا گیا ہے کہ وہ صرف مستند حج اجازت نامے کے ساتھ ہی سعودی عرب کا سفر کریں۔ وزارت نے نشاندہی کی ہے کہ بعض جعلی کمپنیاں اور غیر قانونی اشتہارات لوگوں کو دھوکہ دے کر جعلی حج اجازت نامے فراہم کر رہی ہیں۔
وزارت کے مطابق غیر قانونی اجازت ناموں کے نتیجے میں سعودی حکام کی جانب سے حراست، جرمانے یا ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں داخلے سے بھی انکار ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ایسے اجازت ناموں پر کی گئی ادائیگیوں کی واپسی بھی ممکن نہیں ہوگی۔
وزارت مذہبی امور نے زور دیا ہے کہ ایک محفوظ، جائز اور روحانی طور پر بھرپور حج کے لیے عازمین حج صرف مستند ذرائع سے رجوع کریں اور تمام ضروری ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
news
عمران خان: مودی پاکستان سے نفرت کرتا ہے، قوم الرٹ رہے، متحد رہے

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی ممکنہ انتقامی کارروائیوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی پاکستان سے نفرت کرتا ہے اور اس وقت سخت غصے میں ہے، وہ بدلہ ضرور لے گا، اس لیے پاکستانی قوم کو متحد اور الرٹ رہنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی ہمشیرہ علیمہ خان سے ہونے والی ملاقات میں کیا۔ علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ جنگوں میں لوگوں کا حوصلہ اور یکجہتی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور سوشل میڈیا کی جنگ میں پاکستان نے پہلے ہی برتری حاصل کر لی ہے، جسے مودی برداشت نہیں کرے گا، اور ممکنہ طور پر وہ معاشی حملے یا فالس فلیگ آپریشن کی کوشش کرسکتا ہے۔
عمران خان نے اس موقع پر 26ویں آئینی ترمیم اور ملٹری ٹرائلز پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے ملک میں قانون کی حکمرانی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ججز اس ترمیم کی تائید کر رہے ہیں وہ اب سرکاری ملازم بن گئے ہیں، عدلیہ کی آزادی چھین لی گئی ہے، اور عدالتیں اب آزاد فیصلے نہیں بلکہ احکامات پر چلیں گی۔ عمران خان نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو کیوں منظرِ عام پر نہیں لایا جا رہا؟ اور یہ کہ فوج کا کام لوگوں کو تحفظ دینا ہے، نہ کہ چھپ کر ملٹری عدالتوں سے طویل سزائیں دینا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو ہی بھارت سے ممکنہ بات چیت کے لیے قوم کی ترجمانی کرنی چاہیے کیونکہ موجودہ وزیراعظم اور صدر خاموش ہیں۔ آخر میں عمران خان نے پارٹی تنظیم سازی پر اپنی توجہ مرکوز رکھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ جنید اکبر اگر اے پی سی اور پارٹی معاملات ایک ساتھ چلا سکتے ہیں تو وہ فیصلہ خود کریں، لیکن ان کا اصل فوکس تحریک انصاف کی تنظیم سازی پر ہونا چاہیے۔
news
انسانی دماغ ہزاروں سال تک محفوظ رہ سکتا ہے، آکسفورڈ یونیورسٹی کی حیران کن تحقیق

آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک حالیہ اور جامع تحقیق نے سائنسی دنیا کو حیران کر دیا ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ انسانی دماغ مخصوص حالات میں ہزاروں سال تک قدرتی طور پر محفوظ رہ سکتا ہے۔ محققہ الیگزینڈرا مورٹن-ہیورڈ کی سربراہی میں کی گئی اس تحقیق میں دنیا بھر سے 4,400 سے زائد محفوظ شدہ انسانی دماغوں کا ریکارڈ اکٹھا کیا گیا۔ حیرت انگیز طور پر ان میں سے 1,300 کیسز ایسے تھے جن میں صرف دماغ محفوظ رہا، جبکہ باقی تمام نرم بافتیں گل سڑ چکی تھیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس غیرمعمولی تحفظ کے پیچھے کئی سائنسی عوامل کارفرما ہو سکتے ہیں۔ ان میں “مالیکیولر کراس لنکنگ” شامل ہے، جس میں پروٹینز اور چکنائی آپس میں جُڑ کر دماغی بافتوں کو سخت اور پائیدار بنا دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ “میٹل کمپلیکسیشن” یعنی آئرن یا کاپر جیسے دھاتوں کی موجودگی سے کیمیائی تعاملات بھی دماغ کے تحفظ میں کردار ادا کرتے ہیں۔ مزید برآں، ماحولیاتی عوامل جیسے کہ آکسیجن کی کمی، نمی، یا انتہائی سرد درجہ حرارت بھی بیکٹیریا کی سرگرمی کو محدود کر کے دماغی بافتوں کو محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ تحقیق نہ صرف انسانی جسم کے بعد از مرگ تحفظ کے حوالے سے نئی راہیں کھولتی ہے بلکہ آثار قدیمہ اور نیورو سائنس میں بھی اہم پیش رفت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں