news

حج 2025: پاکستانی عازمین کیلئے پیلا کارڈ اور ویکسینیشن لازمی قرار

Published

on

پاکستان سے فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق مخصوص کارڈ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے تمام عازمین حج کو سعودی عرب روانگی سے قبل گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوانے کی ہدایت کی ہے۔

تمام عازمین کو اپنے قریبی حاجی کیمپ سے یہ ویکسین مفت میں لگوا کر پیلا کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ پیلے کارڈ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔

وزارت مذہبی امور نے مزید کہا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین کو اپنا پرانا کورونا ویکسین کارڈ بھی ساتھ رکھنا ضروری ہے۔ اگر کسی کے پاس یہ کارڈ موجود نہیں، تو حاجی کیمپ سے دوبارہ کورونا ویکسین لگوا کر نیا کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔

عازمین کو سختی سے خبردار کیا گیا ہے کہ وہ صرف مستند حج اجازت نامے کے ساتھ ہی سعودی عرب کا سفر کریں۔ وزارت نے نشاندہی کی ہے کہ بعض جعلی کمپنیاں اور غیر قانونی اشتہارات لوگوں کو دھوکہ دے کر جعلی حج اجازت نامے فراہم کر رہی ہیں۔

وزارت کے مطابق غیر قانونی اجازت ناموں کے نتیجے میں سعودی حکام کی جانب سے حراست، جرمانے یا ملک بدری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں داخلے سے بھی انکار ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، ایسے اجازت ناموں پر کی گئی ادائیگیوں کی واپسی بھی ممکن نہیں ہوگی۔

وزارت مذہبی امور نے زور دیا ہے کہ ایک محفوظ، جائز اور روحانی طور پر بھرپور حج کے لیے عازمین حج صرف مستند ذرائع سے رجوع کریں اور تمام ضروری ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version