news
قلعہ سیف اللہ: بازار میں بم دھماکہ، پولیس ذرائع
بلوچستان کے شہر قلع سیف اللہ کے بازار میں بم دھماکہ ہوا جس میں قبائلی رہنما سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی نفری فورا ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا
ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد کوئیٹہ ژوب شاہرا کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے
news
جیکولین فرنینڈس منی لانڈرنگ کیس: دہلی ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا
نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی منی لانڈرنگ کیس میں دائر کردہ درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اداکارہ نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت درج شکایت کو چیلنج کیا تھا۔
میڈیا کے مطابق، جسٹس انیش دیال نے جمعرات کے روز فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔ جیکولین کی نمائندگی سینئر وکیل سدھارتھ اگروال نے کی، جب کہ ای ڈی کی طرف سے اسپیشل کاؤنسل زوہیب حسین پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران جیکولین کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اگر ای ڈی کے مطابق مشتبہ رقم 15 افراد میں تقسیم ہوئی ہے، تو منی لانڈرنگ کا اطلاق سب پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی مشکوک شخص سے مالی لین دین کا مطلب لازمی طور پر منی لانڈرنگ نہیں ہوتا۔
وکیل نے مزید دلائل دیے کہ جیکولین کو صرف ایک اخبار کی رپورٹ کی بنیاد پر سکیش چندرشیکھر کے مجرمانہ پس منظر سے جوڑا جا رہا ہے، جو ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیکولین کو بطور مشہور شخصیت نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ سکیش نے ان سے ایک بزنس مین کے طور پر ملاقات کی تھی۔ معروف شخصیات سے جڑے کاروباری افراد کے خلاف اکثر مقدمات ہوتے ہیں، اس لیے انہیں قصوروار ٹھہرانا درست نہیں۔
دوسری جانب ای ڈی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ایجنسی کی تفتیش پولیس سے مختلف نوعیت کی ہوتی ہے، اور منی لانڈرنگ کیسز میں ملوث افراد کو اصل جرم میں ملوث افراد سے الگ طور پر بھی نامزد کیا جا سکتا ہے۔
عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا، جو آئندہ تاریخ پر سنایا جائے گا۔ جیکولین فرنینڈس پر الزام ہے کہ انہوں نے جیل میں قید سکیش چندرشیکھر سے قیمتی تحائف وصول کیے تھے، جو کہ 200 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کیس میں مرکزی ملزم ہے۔
news
سینیٹ میں بھارت مخالف قرارداد متفقہ منظور، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا عزم
اسلام آباد: سینیٹ نے بھارت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور بے بنیاد الزامات کے خلاف متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں معمول کی کارروائی معطل کرتے ہوئے بھارتی الزامات اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے خلاف قرارداد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پیش کی، جسے ایوان میں موجود تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور بھارت کے تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ اگر بھارت نے کسی بھی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ قرارداد میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی بھی تائید کی گئی اور کہا گیا کہ پانی بند کرنا اعلانِ جنگ کے مترادف تصور کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی ناقابل قبول ہے کیونکہ یہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی لائف لائن ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مزید برآں، سارک ویزہ اسکیم کے تحت جاری کیے گئے بھارتی شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں، تاہم سکھ یاتریوں پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے اٹاری بارڈر بند کرنے کے ردعمل میں پاکستان نے واہگہ بارڈر بند کر دیا ہے، اور بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات دفاعی اتاشیوں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کم کرکے 30 کر دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارتی پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں اور بھارت سے تمام قسم کی تجارت بھی معطل کر دی گئی ہے۔ اسحاق ڈار نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ روز 26 ممالک کے سفیروں کو دفتر خارجہ میں بھارتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور دوٹوک پیغام دیا گیا کہ اگر کسی نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ جان لے کہ پاکستان پوری طرح تیار ہے۔
یہ قرارداد بھارت کی جارحانہ پالیسیوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پاکستان کے عزم کا مظہر ہے، جس پر پوری قوم متحد ہے۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں