news
خواجہ آصف کی وارننگ: مودی نے غلطی کی تو تاریخ ساز جواب دیں گے
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر نریندر مودی نے کوئی غلطی کی تو پاکستان ایسا جواب دے گا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان کا ردعمل انتہائی سخت ہوگا۔ ان کے مطابق نریندر مودی اس وقت ذاتی انا اور ووٹوں کے لیے خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق اگر جنگ ہوئی تو وہ شاید لائن آف کنٹرول تک محدود رہے، تاہم جب جنگ شروع ہوتی ہے تو اس کو کنٹرول کرنا ممکن نہیں رہتا۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو میں کوئی فرق نہیں، اور اگر مودی نے نیتن یاہو جیسے اقدامات کیے تو پاکستان اس کا ایسا جواب دے گا کہ تاریخ یاد رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اگر بھارت نے کوئی خلاف ورزی کی تو پاکستان اس کے خلاف متعلقہ عالمی فورمز پر جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر بنایا تو پاکستان اس کو تباہ کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ جنگیں پانی کے مسئلے پر ہوں گی، اور پاکستان کی بہادر افواج ماضی میں بھی قربانیاں دیتی رہی ہیں اور آج بھی دے رہی ہیں۔
خواجہ آصف نے بھارت پر دہشتگردی کی پشت پناہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو بطور پراکسی استعمال کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں، یہ کرائے کے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایوب خان پر الزام تھا کہ انہوں نے پاکستان کا پانی بیچا، اور ان کے نزدیک ایوب خان، ضیاء الحق، یحییٰ خان اور مشرف کے فیصلوں سے ملک کو نقصان پہنچا۔
افغان جنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس جنگ سے کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن ہم نے امریکہ کے دباؤ میں آکر کئی مواقع گنوا دیے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قومی سلامتی سے متعلق بریفنگ میں شریک نہیں ہوئی اور ذاتی معاملات کو اہم قومی امور پر فوقیت دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی کو بات چیت کی دعوت دے رہی ہے اور قومی مسائل پر اتحاد چاہتی ہے، لیکن پی ٹی آئی ہر چیز کو اپنی شرائط سے مشروط کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو چائے پلا کر راتوں رات واپس بھیج کر قوم کے ساتھ زیادتی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں سیاسی تقسیم موجود ہے، لیکن پاکستان میں اس وقت قومی اتحاد موجود ہے، جس پر وہ سیاستدانوں کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے فضائی حملے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
news
پاکستان کا ایشیا کپ سے دستبرداری کا امکان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایشیا کپ 2025 سے دستبرداری پر غور کیا جا رہا ہے، جس کے لیے حکومت سے مشاورت طلب کر لی گئی ہے۔ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پاک بھارت میچ میں متنازعہ کردار ادا کرنے والے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا پاکستان کا مطالبہ آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔ کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق، آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ ہینڈ شیک تنازع میں پائی کرافٹ کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے اور انہوں نے کسی دباؤ میں آ کر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ پی سی بی نے اس مؤقف کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ریفری کو نہیں ہٹایا گیا تو پاکستان باقی میچز نہیں کھیلے گا۔ اس حوالے سے پی سی بی نے حکومت سے رائے مانگی ہے اور ایک اہم اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر فیصلہ کیا جا سکے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری نے کرکٹ کی روح کے خلاف اقدامات کیے اور ان کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرا دی گئی ہے۔
news
سپارکو ڈے پر پاکستان کے خلائی مشنز کی کامیابی پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری
سپارکو ڈے کے موقع پر پاکستان کے خلائی مشنز کی شاندار کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیے گئے، جو ملکی خلائی تحقیق میں ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔سپارکو ڈے یہ ٹکٹ تین اہم مشنز — آئی کیوب-قمر، پاک سیٹ-MM1 اور ای او-1 — کے اعزاز میں جاری کیے گئے ہیں۔ آئی کیوب-قمر، پاکستان کا پہلا قمری کیوب سیٹلائٹ ہے جسے 3 مئی 2024 کو چین کے مشن چانگ ای-6 کے ذریعے لانچ کیا گیا۔ اس مشن نے چاند کے مدار میں کامیابی سے کام کیا اور چاند و سورج کی تصاویر حاصل کیں۔ پاک سیٹ-MM1 ایک جیو اسٹیشنری کمیونیکیشن سیٹلائٹ ہے جو 30 مئی 2024 کو لانچ ہوا اور اب نشریاتی، ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ سروسز کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ اسی طرح، ای او-1 ایک مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ مشاہداتی سیٹلائٹ ہے، جو 17 جنوری 2025 کو لانچ ہوا اور اب زراعت، شہری ترقی، ماحولیاتی نگرانی اور قدرتی آفات کے ردعمل میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ سپارکو کے ترجمان کے مطابق، یہ ڈاک ٹکٹ نہ صرف ان مشنز کو خراج تحسین ہیں بلکہ پاکستان کی خلائی تحقیق میں خود انحصاری اور تسلسل کی علامت بھی ہیں۔
- news2 weeks ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
- کھیل4 months ago
ایشیا کپ 2025: بھارت کی دستبرداری کی خبروں پر بی سی سی آئی کا ردعمل
- news5 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news5 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے