news
لاہور راوی روڈ پر گیس سلنڈر دھماکہ، 5 جاں بحق، 6 زخمی
لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے راوی روڈ پر واقع ایک گیس فلنگ دکان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب دکان میں سلنڈر میں گیس بھری جا رہی تھی، اسی دوران ایک سلنڈر پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں عمارت کی تینوں منزلیں زمین بوس ہو گئیں۔ جاں بحق افراد میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں مردہ خانے بھجوا دی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ کل 10 افراد اس حادثے سے متاثر ہوئے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گوجرانوالہ میں بھی گیس لیکج کے باعث ایک گھر میں دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں 3 بچے اور 3 خواتین شامل تھیں۔ اسی طرح سرگودھا میں بھی ایک رکشے میں نصب ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈروں کے غیر محفوظ استعمال اور ناقص معیار کے باعث ملک میں اس قسم کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جن سے نہ صرف قیمتی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے۔
news
سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.5 ریکارڈ
سوات اور اس کے گردونواح میں آج صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 220 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز کوہِ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ بتایا جا رہا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے مینگورہ، مدین، کالام، بونیر اور قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
لوگ گھروں اور دفاتر سے نکل کر کھلے میدانوں میں جمع ہوگئے، تاہم اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے زلزلہ ڈویژن نے کہا ہے کہ کوہ ہندوکش میں آنے والے زلزلے اکثر گہرے فوکس کے باعث کم نقصان دہ ہوتے ہیں، تاہم بار بار آنے والے جھٹکے فالٹ لائنز کی سرگرمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
news
کینیڈا میں پاکستانی ٹیکسٹائل کا چرچا: ATS شو 2025ء میں خریداروں کی بھرپور توجہ
کینیڈا کے شہر مسّی ساگا میں 29 ستمبر سے یکم اکتوبر 2025ء تک جاری رہنے والے “اپیرل ٹیکسٹائل سورسنگ (ATS) شو” میں پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت نے شاندار شرکت کی۔ اس بین الاقوامی تجارتی میلے میں پاکستان سمیت چین، بنگلا دیش، ویتنام اور کینیڈا کے نمائندوں نے حصہ لیا، جس نے اس نمائش کو عالمی سورسنگ اور صنعت سے جڑے ماہرین کے لیے ایک نمایاں پلیٹ فارم بنا دیا۔
پاکستانی نمائش کنندگان نے اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات پیش کیں، جن میں اسپورٹس ویئر، ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز اور حفاظتی ملبوسات شامل تھے۔ یہ نمائش پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت میں مہارت، پائیداری اور ہائی پرفارمنس مصنوعات کی ترقی کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
شرکاء نے بتایا کہ اس سال کا رسپانس سابقہ برسوں کی نسبت خاصا بہتر رہا، اور متعدد خریداروں و صنعت کاروں سے مثبت تجارتی روابط قائم ہوئے۔ اس موقع پر شمالی امریکا میں ابھرتے ہوئے رجحانات، خاص طور پر ماحول دوست ٹیکسٹائل کی بڑھتی ہوئی مانگ سے متعلق قیمتی معلومات بھی حاصل کی گئیں، جو آئندہ تجارتی حکمتِ عملی کے لیے معاون ثابت ہوں گی۔
-
news1 month ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
-
کھیل5 months ago
ایشیا کپ 2025: بھارت کی دستبرداری کی خبروں پر بی سی سی آئی کا ردعمل
-
news6 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
-
news6 months ago
اداکارہ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا