news
لاہور راوی روڈ پر گیس سلنڈر دھماکہ، 5 جاں بحق، 6 زخمی
لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے راوی روڈ پر واقع ایک گیس فلنگ دکان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد دکان میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب دکان میں سلنڈر میں گیس بھری جا رہی تھی، اسی دوران ایک سلنڈر پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں عمارت کی تینوں منزلیں زمین بوس ہو گئیں۔ جاں بحق افراد میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں مردہ خانے بھجوا دی گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ کل 10 افراد اس حادثے سے متاثر ہوئے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گوجرانوالہ میں بھی گیس لیکج کے باعث ایک گھر میں دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جن میں 3 بچے اور 3 خواتین شامل تھیں۔ اسی طرح سرگودھا میں بھی ایک رکشے میں نصب ایل پی جی سلنڈر پھٹنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈروں کے غیر محفوظ استعمال اور ناقص معیار کے باعث ملک میں اس قسم کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، جن سے نہ صرف قیمتی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس بھی پایا جاتا ہے۔