news
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی تعاون میں 20.24 فیصد اضافہ
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی تعاون دونوں ممالک کے مابین معاشی تعلقات کی بحالی اور مضبوطی کی علامت بن چکا ہے۔ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر پالیسیوں کے باعث پاک-یو اے ای مشترکہ تعاون میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں 20.24 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے تجارت کا حجم 10.1 ارب ڈالر تک جا پہنچا ہے۔
حال ہی میں پاکستان اور یو اے ای کے مابین مشترکہ وزارتی کمیشن کا 12واں اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، غذائی تحفظ، ہوا بازی، آئی ٹی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس شراکت داری سے پاکستان نہ صرف اپنا درآمدی بل کم کر سکتا ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ممکن ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کی جائیں اور کسٹمز نظام کو ہم آہنگ کر لیا جائے تو آئندہ پانچ برسوں میں دوطرفہ تجارت دو گنا ہو سکتی ہے۔ پاکستان کا آئی ٹی اور فِن ٹیک شعبہ خلیجی سرمایہ کاروں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔ کاروباری مشیر فیضان مجید کا کہنا ہے کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ’’دبئی فری زونز‘‘ سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے اور تجارتی سہولت مراکز کا قیام ناگزیر ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاک-یو اے ای تعاون نہ صرف دونوں ممالک کے لیے اقتصادی ترقی کا ضامن ہے بلکہ یہ پورے خطے میں استحکام کا سبب بھی بن سکتا ہے
news
حکومت کا سیلاب فنڈ کے لیے منی بجٹ لانے پر غور
اسلام آباد:
وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک نئے منی بجٹ لانے پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد امیر طبقے سے اضافی ٹیکسز کی صورت میں محصولات جمع کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق، حکومت کی منصوبہ بندی ہے کہ مہنگی الیکٹرانک اشیا، سگریٹ، بڑی گاڑیاں اور درآمدی سامان پر فیڈرل لیوی عائد کی جائے تاکہ کم از کم 50 ارب روپے اضافی آمدنی حاصل کی جا سکے۔ اگر وزیراعظم شہباز شریف اس تجویز کی منظوری دے دیتے ہیں تو یہ منی بجٹ جلد نافذ کیا جا سکتا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے حالیہ اجلاس میں اس مجوزہ منصوبے پر غور کیا گیا، جس میں سگریٹ کے ہر پیکٹ پر 50 روپے لیوی، مہنگے الیکٹرانک سامان پر 5 فیصد لیوی اور 1800 سی سی یا اس سے بڑی گاڑیوں پر بھی نیا ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز شامل تھیں۔ اس کے علاوہ، ان 1,100 سے زائد درآمدی اشیا پر بھی لیوی لگائی جائے گی جن پر حالیہ بجٹ میں ریگولیٹری ڈیوٹی کم کی گئی تھی۔
یہ لیوی ایف بی آر کے روایتی ٹیکس نظام کا حصہ نہیں ہوگی بلکہ غیر ٹیکس آمدنی کے ذریعے حکومت کو ریونیو حاصل ہوگا تاکہ ٹیکس خسارے کو پورا کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ جولائی سے اگست کے دوران 40 ارب روپے کا ٹیکس خسارہ سامنے آ چکا ہے جو ستمبر کے آخر تک 100 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے اس اقدام کے ذریعے نہ صرف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فنڈز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی بلکہ معیشت میں موجود مالیاتی دباؤ کو بھی کم کیا جا سکے گا۔ تاہم اس تجویز پر حتمی فیصلہ آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔
news
عمران خان کا جیل ٹرائل ختم، کیس دوبارہ عدالت منتقل
پنجاب حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے، جس کے بعد اب اس کیس سمیت 9 مئی کے مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عمران کو آئندہ سماعتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ دیگر ملزمان کو عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔
عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ “آج 9 مئی کے 12 مقدمات کی سماعت تھی، جس میں جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت تمام مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ “ایک نیا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے، جس کے تحت کیس اڈیالہ جیل سے واپس اے ٹی سی راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے اور عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔”
فیصل ملک نے پنجاب حکومت کے فیصلے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ “ہم ویڈیو لنک کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور عمران خان کی عدالت میں ذاتی پیشی کے لیے درخواست دائر کریں گے۔”
اس معاملے پر عدالتی رپورٹر دُرّے اقبال نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “عمران کی جیل میں ہونے والی ملاقاتیں اور بیانات روکنے کے لیے پنجاب حکومت نے یہ نوٹیفکیشن واپس لیا ہے، اور اب حکومت چاہتی ہے کہ عمران خان کی عدالت تک رسائی محدود رہے۔”
- news2 weeks ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
- news5 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- کھیل4 months ago
ایشیا کپ 2025: بھارت کی دستبرداری کی خبروں پر بی سی سی آئی کا ردعمل
- news5 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے