news
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز: کسانوں کے ساتھ ہوں، مفت ٹریکٹرز اور سبسڈی جاری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کسانوں میں 1000 مفت ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل کسانوں کے ساتھ ہے اور وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمت بڑھنے سے آٹے کی قیمت بڑھتی ہے، اس لیے عوام کے مفاد میں سخت فیصلے لینے پڑتے ہیں۔ مریم نواز نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گندم پر کسانوں کو 5000 روپے فی ایکڑ سبسڈی دی گئی ہے، جبکہ کئی دہائیوں بعد پہلی بار کھاد کی قیمت مستحکم رہی اور بلیک مارکیٹنگ نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے کسان ٹریکٹر کرائے پر چلاتے تھے، لیکن اب وہ اپنے ذاتی ٹریکٹر کے مالک بن گئے ہیں۔ ان کے بقول کسانوں اور حکومت کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں، جیسا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں پیسے نہ بھیجنے کی ترغیب دی گئی، لیکن عوام نے اس کے برعکس زیادہ پیسہ پاکستان بھیجا۔
مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے آپریشن “بنیان مرصوص” میں عظیم کامیابی حاصل ہوئی، اور آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور طاقتور ملک بن کر ابھرا ہے۔ ان کے مطابق، جس معیشت کو ڈیفالٹ قرار دیا جا رہا تھا، آج وہ دنیا کے جریدوں میں ایک معجزے کے طور پر لکھی جا رہی ہے، اور مہنگائی کی شرح جو چالیس فیصد تک جا پہنچی تھی، اب صفر پر آ چکی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ صرف سرحدوں کی نہیں بلکہ نظریات اور جذبوں کی جنگ تھی، جس میں سیاسی، عسکری قیادت، میڈیا اور عوام نے متحد ہو کر دشمن کو شکست دی، جبکہ ترکیہ، چین اور وسطی ایشیائی ممالک نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔