news
چانگ پینگ ژاؤ پاکستان کرپٹو کونسل کے سٹریٹجک مشیر مقرر
چانگ پینگ ژاؤ، جنہیں سی زیڈ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو پاکستان کرپٹو کونسل کا سٹریٹجک مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایسچینج بائنانس کے بانی اور ویب تھری کے معروف رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ اہم اعلان وزارتِ خزانہ کی جانب سے اُس وقت کیا گیا جب سی زیڈ نے پیر کے روز پاکستان کرپٹو کونسل کے ساتھ باضابطہ ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، گورنر اسٹیٹ بینک، اور وفاقی سیکریٹریز برائے قانون و آئی ٹی سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ سی زیڈ نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کو ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور جدت کو اپنانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی زیڈ کی شمولیت سے پاکستان ویب تھری، ڈیجیٹل فنانس، اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے علاقائی طاقت بننے کے اپنے ویژن کو تیز رفتاری سے آگے بڑھا سکے گا۔
news
کرسٹن اسٹیورٹ نے ہم جنس پرست ساتھی ڈیلن میئر سے شادی کر لی
ہالی ووڈ کی مشہور فلم سیریز ٹوائلائٹ کی اسٹار اداکارہ کرسٹن اسٹیورٹ نے اپنی ہم جنس پرست ساتھی اداکارہ ڈیلن میئر سے شادی کرلی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اداکارہ کرسٹن اسٹیورٹ نے اپنی گرل فرینڈ ڈیلن میئر کے ساتھ 21 اپریل کو ایسٹر کے موقع پر ایک نجی تقریب میں شادی کی۔ یہ سادہ مگر دلکش تقریب لاس اینجلس، کیلیفورنیا میں ان کے گھر پر منعقد ہوئی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، 35 سالہ کرسٹن اسٹیورٹ اور ڈیلن میئر گزشتہ کئی سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھیں۔ دونوں نے حال ہی میں لاس اینجلس کاؤنٹی سے شادی کا لائسنس حاصل کیا تھا، اور اسی ویک اینڈ پر انہوں نے باضابطہ طور پر شادی کر لی۔
کرسٹن اور ڈیلن کی پہلی ملاقات 2013 میں ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں سے ان کی دوستی کا آغاز ہوا۔ بعدازاں، 2019 میں انہوں نے باقاعدہ طور پر ڈیٹنگ شروع کی، اور تین سال کے خوبصورت تعلق کے بعد 2021 میں منگنی کا اعلان کیا تھا۔
مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے اس جوڑے کو شادی کی مبارکباد دی جا رہی ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی ان کی جوڑی کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
news
بھارت میں حکومتِ پاکستان کا سرکاری ایکس اکاؤنٹ بلاک، سفارتی تعلقات محدود
بھارت میں حکومتِ پاکستان کے سرکاری ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کو بلاک کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارتی حکومت نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے، جن میں حکومتِ پاکستان کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ کی بھارت میں رسائی روکنے کا اقدام بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان کے دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دے کر ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے، جب کہ بھارتی حکومت نے اپنے فوجی مشیروں کو بھی اسلام آباد سے واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سلامتی (CCS) کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کے خلاف کئی اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ ان اقدامات میں سفارتی تعلقات کی سطح میں کمی، ویزہ سہولیات کی مکمل معطلی، دفاعی مشیروں کی بے دخلی، اور اٹاری واہگہ سرحد کی بندش شامل ہے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ دونوں ممالک کے سفارت خانوں میں عملے کی تعداد 55 سے کم کرکے 30 کر دی جائے گی، اور یہ فیصلہ یکم مئی تک مکمل طور پر نافذ العمل ہوگا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے سیکریٹری وکرم مِسری نے پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ بھارت نے سارک ویزہ استثنیٰ سکیم کو معطل کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کو جاری تمام ویزے فوری طور پر منسوخ کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، اٹاری کی واحد زمینی سرحدی چوکی کو بھی بند کر دیا گیا ہے، اور پاکستان سے بھارت میں موجود افراد کو یکم مئی سے قبل ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کو بھی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ معاہدہ 1960ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم سے متعلق عالمی ثالثی اور ورلڈ بینک کی ضمانت کے تحت طے پایا تھا، اور اس کی معطلی کو ماہرین بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔
پاکستانی حکام نے بھارتی اقدامات کو غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اس کا سفارتی، قانونی اور سیاسی سطح پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں