news
چانگ پینگ ژاؤ پاکستان کرپٹو کونسل کے سٹریٹجک مشیر مقرر
چانگ پینگ ژاؤ، جنہیں سی زیڈ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو پاکستان کرپٹو کونسل کا سٹریٹجک مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو ایسچینج بائنانس کے بانی اور ویب تھری کے معروف رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ یہ اہم اعلان وزارتِ خزانہ کی جانب سے اُس وقت کیا گیا جب سی زیڈ نے پیر کے روز پاکستان کرپٹو کونسل کے ساتھ باضابطہ ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، گورنر اسٹیٹ بینک، اور وفاقی سیکریٹریز برائے قانون و آئی ٹی سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ سی زیڈ نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اس موقع کو پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کو ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور جدت کو اپنانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی زیڈ کی شمولیت سے پاکستان ویب تھری، ڈیجیٹل فنانس، اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے ذریعے علاقائی طاقت بننے کے اپنے ویژن کو تیز رفتاری سے آگے بڑھا سکے گا۔