news
کراچی: 97 کروڑ روپے کے ٹیکس فراڈ میں دو صنعتی یونٹس بے نقاب
کراچی:
کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ نے ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے تحت 97 کروڑ روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی چوری کے ایک اور بڑے فراڈ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو صنعتی یونٹس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ڈائریکٹر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ شیراز احمد نے موصولہ خفیہ اطلاع پر میسرز ایم ڈی انڈسٹریز اور میسرز دینار انڈسٹریز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔
تحقیقات کے دوران دونوں کمپنیوں کو ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے غلط استعمال میں ملوث پایا گیا۔ اس دوران کمپنیوں کے برآمدی طریقہ کار نے شکوک و شبہات کو جنم دیا، خاص طور پر جب جنوری 2025 میں ان کی ماہانہ درآمدات ایک کنٹینر سے بڑھ کر 47 کنٹینرز تک پہنچ گئیں، اور کمپنی کے مکمل معائنے سے انوینٹری میں تضادات بھی سامنے آئے۔
کمپنیوں کی جانب سے ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے تحت درآمد ہونے والے ایک ہزار 550 میٹرک ٹن لیڈانگٹس میں سے صرف 111 میٹرک ٹن برآمد کیے گئے، جبکہ باقی ماندہ خام مال کو مقامی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کیا گیا۔
بعد از کلیئرنس آڈٹ کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ درآمد ہونے والے 2 ہزار 751 میٹرک ٹن خام مال میں سے صرف 307 میٹرک ٹن کے ذخائر کمپنی کے گودام میں موجود پائے گئے۔
news
ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 خوارج دہشتگرد ہلاک، سپاہی باسط شہید
سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے چار خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے چار خوارج دہشتگردوں کو مار گرایا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران سپاہی باسط صدیقی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی باسط کی عمر 23 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع اٹک سے تھا۔ شہید نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کر کے لازوال قربانی کی مثال قائم کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور امن و امان کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔
news
شہباز شریف: بلوچستان میں موٹروے قومی ترقی کا سنگ میل، خونی شاہراہ کو جدید سڑک میں بدلا جائے گا
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر کی مخالفت چھوٹی سوچ اور تنگ نظری کا مظہر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ این-25 شاہراہ، جسے “خونی شاہراہ” بھی کہا جاتا ہے، دو ہزار سے زائد قیمتی جانیں نگل چکی ہے اور اب اس سڑک کو موٹروے کے معیار پر بنایا جائے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا بلکہ گزشتہ پندرہ روز میں جو قیمتیں کم ہوئی ہیں، ان سے حاصل ہونے والی بچت کو بلوچستان میں اس اہم شاہراہ کی تعمیر پر خرچ کیا جا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے، قوم ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے، اور ٹیم پاکستان بھرپور قوت اور اعتماد سے ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر لے کر جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں این-25 شاہراہ کی مخالفت کرنا قوم کے وسیع تر مفاد کے خلاف ہے۔ 24 کروڑ عوام نے اس ترقیاتی فیصلے کو خوشی سے قبول کیا ہے کیونکہ یہ منصوبہ بلوچستان کے عوام کے دل کی آواز ہے۔ کراچی سے چمن تک یہ سڑک اب موٹروے کی صورت میں تعمیر ہوگی، جو نہ صرف محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرے گی بلکہ علاقے کی معاشی ترقی کا ذریعہ بھی بنے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ سیاسی و عسکری قیادت کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے جو سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو دو سال میں مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ یہ منصوبہ بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا۔
وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ شہر میں تزئین و آرائش اور نئے سکوائرز کی تعمیر سے اسلام آباد نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خوبصورتی کی ایک مثال بن جائے گا۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس کا منصوبہ 60 دن کے بجائے 35 دن میں مکمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شہباز سپیڈ یا محسن سپیڈ نہیں بلکہ “پاکستان سپیڈ” ہے، جو اجتماعی قومی عزم اور جذبے کی علامت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2010 میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت بلوچستان کا حصہ 100 فیصد بڑھایا گیا تھا، اور اس میں پنجاب نے سب سے بڑا کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فاصلے ہزاروں میل پر محیط ہیں، اس لیے وہاں ترقیاتی منصوبوں میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہونی چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی اس وقت ہی ممکن ہے جب تمام وفاقی اکائیاں یکساں ترقی کریں۔ اگر کسی ایک اکائی کو پیچھے چھوڑ دیا جائے تو پوری قوم کی ترقی متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ این-25 موٹروے کا منصوبہ اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ 2022-23 میں اس منصوبے کے لیے 214 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، جو اب 300 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے، مگر حکومت اس منصوبے کو ہر صورت مکمل کرے گی تاکہ بلوچستان کے عوام فخر سے اس شاہراہ کو ترقی اور خوشحالی کی علامت کے طور پر دیکھ سکیں۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔