news
کراچی: 97 کروڑ روپے کے ٹیکس فراڈ میں دو صنعتی یونٹس بے نقاب
کراچی:
کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ نے ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے تحت 97 کروڑ روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی چوری کے ایک اور بڑے فراڈ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو صنعتی یونٹس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ڈائریکٹر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ شیراز احمد نے موصولہ خفیہ اطلاع پر میسرز ایم ڈی انڈسٹریز اور میسرز دینار انڈسٹریز کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔
تحقیقات کے دوران دونوں کمپنیوں کو ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے غلط استعمال میں ملوث پایا گیا۔ اس دوران کمپنیوں کے برآمدی طریقہ کار نے شکوک و شبہات کو جنم دیا، خاص طور پر جب جنوری 2025 میں ان کی ماہانہ درآمدات ایک کنٹینر سے بڑھ کر 47 کنٹینرز تک پہنچ گئیں، اور کمپنی کے مکمل معائنے سے انوینٹری میں تضادات بھی سامنے آئے۔
کمپنیوں کی جانب سے ایکسپورٹ فیسیلٹیشن اسکیم کے تحت درآمد ہونے والے ایک ہزار 550 میٹرک ٹن لیڈانگٹس میں سے صرف 111 میٹرک ٹن برآمد کیے گئے، جبکہ باقی ماندہ خام مال کو مقامی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کیا گیا۔
بعد از کلیئرنس آڈٹ کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا کہ درآمد ہونے والے 2 ہزار 751 میٹرک ٹن خام مال میں سے صرف 307 میٹرک ٹن کے ذخائر کمپنی کے گودام میں موجود پائے گئے۔