news
میٹا آن لائن آگاہی مہم: پی ٹی اے کے اشتراک سے نیا اقدام
کراچی (17 اکتوبر 2025): میٹا آن لائن آگاہی مہم کا آغاز پاکستان میں ہو گیا ہے، جس کا مقصد عوام میں آن لائن فراڈ اور جعلی سرگرمیوں سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ یہ مہم میٹا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور تعلیمی پلیٹ فارم EYEYAH! کے اشتراک سے شروع کی ہے۔
“کیا یہ اصلی ہے؟” کے عنوان سے یہ انٹرایکٹو آن لائن مہم صارفین کو عام دھوکہ دہی کے سات طریقوں کے بارے میں آگاہ کرتی ہے، جن میں رومانوی فراڈ، جعلی شاپنگ، نقالی، سرمایہ کاری اسکیمز، جعلی ملازمتیں، اکاؤنٹ ہیکنگ اور دھوکہ دہی پر مبنی پیغامات شامل ہیں۔
یہ میٹا آن لائن آگاہی مہم ایشیا پیسیفک خطے کے 15 سے زائد ممالک میں چلائی جا رہی ہے تاکہ محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔ مہم کے مواد کو دلچسپ اور کھیل کے انداز میں (گیمیفائیڈ) تیار کیا گیا ہے تاکہ صارفین باآسانی دھوکہ دہی کی پہچان کر سکیں اور خطرے کی علامات سے آگاہ رہیں۔
پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان HI (M) SI نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے ایک محفوظ اور باخبر ڈیجیٹل پاکستان کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام میٹا اور پی ٹی اے کی مشترکہ کوششوں کا تسلسل ہے جس کا مقصد عوام میں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینا ہے۔
میٹا کی ہیڈ آف پاکستان پبلک پالیسی، دانیا مختار نے کہا کہ “ہم پاکستان میں اپنے پلیٹ فارمز پر صارفین کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں۔ دھوکہ دہی کرنے والے افراد اپنے طریقے بدلتے رہتے ہیں، اس لیے آگاہی اور تعلیم ہی سب سے مؤثر حل ہیں۔”