head lines
اسلام آباد میں وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس جاری
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جاری ہے، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی معیشت، جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ افغان طالبان، فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کی جانب سے حالیہ سرحدی اشتعال انگیزیوں اور افغان بارڈر کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
کابینہ کو وزارتِ داخلہ اور وزارتِ دفاع کی جانب سے موجودہ سکیورٹی بریفنگ دی جائے گی، جس میں پاک فوج کے آپریشنز اور افغان سرحد پر حالیہ کارروائیوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران اپنے حالیہ دورۂ مصر اور شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس کے حوالے سے ارکان کو تفصیلی طور پر آگاہ کریں گے۔ وہ عالمی رہنماؤں سے ہونے والی ملاقاتوں، اقتصادی تعاون، اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں پر تبادلہ خیال کے نکات پیش کریں گے۔
اجلاس کے دوران قانون سازی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلے بھی توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے، جب کہ مختلف وزارتوں کی جانب سے جاری منصوبوں اور پالیسی تجاویز پر بھی مشاورت جاری ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اجلاس ملکی حالات کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ حکومت کو ایک جانب معاشی استحکام کے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب علاقائی سکیورٹی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔