کھیل
لاہور ٹیسٹ: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی
لاہور ٹیسٹ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ چیمپئن جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔
277 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہو گئی۔
یہ میچ لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ چوتھے روز پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے تباہ کن بولنگ کی اور میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے پہلی اننگز میں 6 اور دوسری میں 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کر کے اہم کردار ادا کیا۔
جنوبی افریقی بولر مِتھو سامی نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی اور میچ میں 11 شکار کیے، مگر اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
چوتھے روز جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریوس اور رائن ریکلٹن نے 54،54 رنز کی اننگز کھیلیں، تاہم دیگر بلے باز ناکام رہے۔
ایڈن مارکرم 3، وین مُلڈر صفر اور ٹونی زی زورزی 16 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی دوسری اننگز 167 رنز پر ختم ہوئی۔