news

ڈاکٹر عابد رضا پاکستان کے صفِ اول کے 10 سائنس دانوں میں شامل

Published

on

پاکستان کے معروف ماحولیاتی سائنس دان اور سمندری محقق ڈاکٹر عابد رضا کو 2025 کی حالیہ سائنسی درجہ بندی میں پاکستان کے 10 بہترین سائنس دانوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں جامعہ کراچی کی موضوعاتی درجہ بندی میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران شائع شدہ تحقیقی کام اور ان کے H-index کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عابد رضا اس وقت ہمدرد یونیورسٹی کے حافظ محمد الیاس انسٹیٹیوٹ آف فارماکولوجی اینڈ ہربل سائنس میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ پاکستان میں زیرِ سمندر مرجانی چٹانوں (کورل ریفس) پر تحقیق کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے ہیں اور اسکوبا ڈائیونگ کے ذریعے براہِ راست سمندری مشاہدات میں مصروف ہیں۔

انہوں نے 2013 میں جامعہ کراچی سے پی ایچ ڈی مکمل کی اور ان کی تحقیقی کتاب “پاکستان کی مرجانی چٹانیں” کو قومی و بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔ حال ہی میں ان کی نئی کتاب “پاکستان کا مستقبل: میرین فارماکولوجی” برطانیہ سے شائع ہوئی ہے، جس میں پاکستان کے سمندری وسائل میں موجود قدرتی دواؤں کی افادیت اور تجارتی امکانات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ ڈاکٹر عابد رضا کو عالمی تحقیقی ادارے The Coral Reef Research Hub کے مینٹورشپ پروگرام میں بھی شامل کیا گیا ہے، جہاں وہ بین الاقوامی سطح پر نوجوان سائنس دانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

ماحولیاتی سائنس میں ان کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے سرفہرست سائنس دانوں میں شمار کیا گیا ہے۔ ان کی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مرجانی نظام میں پائے جانے والے قدرتی کیمیکلز کینسر، خون کی کمی، السر اور جلدی امراض کے علاج میں مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔ اب تک وہ 45 سے زائد سائنسی کتب اور تحقیقی مقالات کے مصنف ہیں، اور ان کا کام گوگل اسکالر سمیت دیگر عالمی سائنسی پلیٹ فارمز پر بھی نمایاں طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عابد رضا کی مسلسل سائنسی کاوشیں نہ صرف پاکستان کو ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی دوا سازی میں نئی بلندیوں پر لے جا رہی ہیں بلکہ نوجوان محققین کے لیے ایک روشن مثال بھی ہیں۔ ان کی تحقیق پاکستان کے قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال اور عالمی سائنسی برادری میں مقام بنانے کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version