news
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ممکنہ آئندہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے آبی ذخائر کی تعمیر کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حالیہ دورہ کے دوران سرحدی علاقے تلوار پوسٹ اور شیخ پورہ نو میں قائم فلڈ ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ گٹی کلنجر سے کشتی کے ذریعے تلوار پوسٹ آنے والے متاثرہ خاندانوں سے ملنے کے دوران وزیراعلیٰ نے سیلاب میں گھرے ایک نومولود بچے کو بحفاظت نکالنے پر ڈی ایس پی نعمان کو انعام سے نوازا، جب کہ ریسکیو ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔
مریم نواز نے تلوار پوسٹ پر قائم لائیو اسٹاک، ہیلتھ، ریسکیو، پولیس اور دیگر محکموں کے کیمپوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے ضلع قصور میں واقع ایک اور فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں متاثرین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے، اور عارضی اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی۔ وزیراعلیٰ کو کیمپ میں جاری امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر وائلڈ لائف اور فاریسٹ فورس بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔ شرقپور کے علاقے فیض پور کلاں میں فاریسٹ فورس نے کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور ان کا ضروری سامان بھی محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ اسی طرح نارووال کے علاقے بدوملہی میں وائلڈ لائف فورس کے افسران اور اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ پورے صوبے میں فاریسٹ ڈویژن کے اہلکار دور دراز علاقوں میں ریلیف آپریشن میں شریک ہیں، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ان تمام سرگرمیوں کی ورچوئل مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔