news

خیبرپختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور فلڈ کا خدشہ، اموات 427 تک پہنچ گئیں

Published

on

خیبرپختونخواہ حالیہ دنوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، جس کے باعث صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 23 سے 26 اگست تک کے لیے نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے باعث فلیش فلڈ، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں اور مغربی سسٹم کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور بعض مقامات پر شدید بارشیں متوقع ہیں۔ متاثرہ اضلاع میں چترال، سوات، دیر، کوہستان، ملاکنڈ، ہزارہ، پشاور ویلی، جنوبی اضلاع اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلا دھار بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اربن فلڈنگ اور ایبٹ آباد، شانگلہ، بٹگرام اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو فوری نکاسی آب کے نظام کی صفائی، ریسکیو ٹیموں کی پیشگی تعیناتی اور متاثرین کے لیے ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک صوبے میں بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مجموعی اموات کی تعداد 427 تک پہنچ چکی ہے، جن میں 321 مرد، 60 بچے اور 46 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد بھی 270 سے زائد ہے۔ بونیر میں سب سے زیادہ 291 جبکہ صوابی میں 42 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے 1398 گھروں کو بھی نقصان پہنچایا، جن میں 368 گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے اور صوابی کے علاقے دالوڑی میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی کے بعد ملبے تلے مزید لاشیں برآمد کی جا رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version