news
عمران خان کا قوم کے نام پیغام: غلامی کی زنجیروں سے آزادی تک ڈٹا رہوں گا
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم سے ملاقات کے دوران قوم کے نام اہم پیغام دیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران ہونے والی گرفتاریاں ہوں یا 9 مئی کے واقعات پر کینگرو کورٹس کی غیرمنصفانہ سزائیں، یہ سب فسطائیت کی مثالیں ہیں لیکن قوم کو کسی صورت حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جیل کی کال کوٹھڑی میں قید رہ کر بھی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور جب تک قوم کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد نہیں کروا لیتے، ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔ عمران خان نے بتایا کہ ان پر مکمل قیدِ تنہائی نافذ کر دی گئی ہے، اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقات بند کروا دی گئی ہے جبکہ معلومات کے تمام ذرائع، چاہے وہ ٹی وی ہوں یا اخبارات، بھی روک دیے گئے ہیں۔ بشریٰ بی بی کے ساتھ بھی یہی غیرانسانی رویہ اپنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل خانہ کی جانب سے بھیجی گئی درجنوں کتابوں میں سے صرف چار فراہم کی گئیں جبکہ ذاتی ڈاکٹر تک رسائی بھی بند ہے۔ عمران خان نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ظلم اور جبر کے سامنے کسی بھی صورت سر نہیں جھکانا، کیونکہ اندھیری رات کے بعد روشنی ضرور طلوع ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے اور اس مشکل وقت میں پوری قوم کو ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔