news
آشا بھوسلے کی موت کی افواہ جھوٹی قرار، بیٹے آنند بھوسلے کی وضاحت
ممبئی: بھارتی موسیقی کی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کی موت کی افواہیں گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں، تاہم اب ان کے بیٹے آنند بھوسلے نے ان خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔
آنند بھوسلے نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آشا بھوسلے بلکل خیریت سے ہیں اور ان کی موت کی خبریں سراسر جھوٹی اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ افواہ ایک جعلی فیس بک پوسٹ کے ذریعے پھیلائی گئی، جس میں آشا بھوسلے کی تصویر پر ہار لگا کر افسوسناک پیغام لکھا گیا تھا۔
ان کے مطابق پوسٹ وائرل ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا اور فون کالز پر مسلسل رابطہ کیا گیا، جس پر انہوں نے فوری طور پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ “میری والدہ ٹھیک ہیں، ان کی صحت بالکل بہتر ہے۔”
یہ پہلا موقع نہیں کہ کسی مشہور شخصیت کے حوالے سے جھوٹی موت کی خبر پھیلائی گئی ہو۔ آشا بھوسلے، جن کی عمر 91 برس ہے، بھارت کی موسیقی کی دنیا کی مشہور ترین آوازوں میں شامل ہیں۔ وہ آنجہانی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن ہیں۔
مداحوں نے جھوٹی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ذمہ داری کے ساتھ معلومات شیئر کرنے کی اپیل کی ہے۔