news
شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 30 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک
پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغان سرحد کے قریب دراندازی کی بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم “فتنہ الخوارج” کے 30 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم اور 2 جولائی اور پھر 2 اور 3 جولائی کی درمیانی شب خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، جس میں سکیورٹی فورسز نے انتہائی مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کی بڑی نقل و حرکت کو روکا۔ کارروائی کے دوران ہلاک شدگان سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ یہ گروہ بھارت کے ایماء پر پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین استعمال کر رہا تھا۔ شمالی وزیرستان سکیورٹی فورسز نے اس پیش قدمی کو بروقت روکتے ہوئے ممکنہ بڑے سانحے سے ملک کو محفوظ رکھا۔ ترجمان پاک فوج نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے اور غیر ملکی پراکسیز کے خلاف مؤثر اقدامات کرے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کامیابی پاک فوج کے مستعد انٹیلیجنس نیٹ ورک اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔ سکیورٹی فورسز سرحدوں کے دفاع اور بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں۔