news
مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کو یقین دہانی کرادی
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی جماعت خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف کسی تحریک عدم اعتماد کا حصہ نہیں بنے گی۔ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے مولانا فضل الرحمان سے خصوصی ملاقات کی تھی جس میں صوبے میں سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے واضح الفاظ میں کہا کہ ان کی جماعت کو نہ صوبائی حکومت گرانے میں دلچسپی ہے اور نہ ہی اسے بچانے میں، بلکہ وفاق یا صوبے میں اقتدار حاصل کرنا ان کی ترجیح نہیں ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت پر ناکامی، بد انتظامی، کرپشن اور امن و امان کی خراب صورتحال کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ ان حالات میں خود تحریک انصاف کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ حکومت کو جاری رکھنا مناسب ہے یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق مولانا کی طرف سے یہ موقف اختیار کیا گیا کہ جے یو آئی (ف) کسی بھی اپوزیشن کی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جو کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت گرانے کے لیے ہو۔ واضح رہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق عدالتی فیصلوں اور سیاسی کشیدگی کے بعد ایسی اطلاعات سامنے آ رہی تھیں کہ صوبائی حکومت کو گرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس کے پیش نظر پی ٹی آئی نے مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا اور انہیں قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ ایسے کسی عمل کا حصہ نہ بنیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی اس حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ حکومت گرانے کی ایک منظم سازش جاری تھی، لیکن ان کے پاس اسمبلی کو تحلیل کرنے کا اختیار موجود ہے اور وہ کسی بھی وقت یہ قدم اٹھا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا میں مالی ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کی گئی اور یہ سب عمران خان کو جیل میں رکھنے اور پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کرنے کے بعد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے اپنے مینڈیٹ کی حفاظت کی ہے اور وہ تمام اداروں کو واضح پیغام دے رہے ہیں کہ حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔