news
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، بھارت کو بھرپور جواب دینے پر پاک فوج کی ستائش
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جو دو گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی، جہاں بھارت کی حالیہ جارحیت اور پاکستان کی جوابی کارروائی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران پاکستانی مسلح افواج کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کو سراہا گیا۔ شرکاء نے بھارت کی جانب سے بلااشتعال حملوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اس کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ارکانِ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ آج قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے اور پاکستان کی پالیسی و موقف واضح کریں گے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا سرکاری اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے تاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں پاکستان کی مسلح افواج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے جن میں 3 رافیل طیارے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور کئی چیک پوسٹس تباہ کی گئیں، جس کے بعد بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر چورا کمپلیکس میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی۔