news
ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا پاک فوج کا مؤثر جواب، دشمن کی بندوقیں خاموش
بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے، تاہم پاک فوج نے دشمن کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی بندوقوں کو خاموش کرا دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات نکیال، کھوئی رٹہ، شاردا، کیل، نیلم اور حاجی پیر سیکٹرز میں پاکستانی پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی اس اشتعال انگیزی کا مقصد سرحدی کشیدگی کو ہوا دینا اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا، تاہم پاک فوج نے دشمن کی اس حرکت کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کی پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔ اطلاعات ہیں کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے دشمن کے متعدد مورچے تباہ ہوئے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں چکپترا پوسٹ کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی فائرنگ میں چھوٹے ہتھیار استعمال کیے گئے، لیکن پاک فوج کی جانب سے کیے گئے بھرپور ردعمل کے باعث بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔ اس کے بعد دشمن کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں کو خالی کرایا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کو پاک فوج کے جواب سے شدید نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے سرحدی اشتعال انگیزی کر رہا ہے، تاہم دشمن کسی بھول میں نہ رہے، پاک فوج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی تھی، جس پر پاک فوج نے دشمن کو سبق سکھاتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا تھا۔ اس تمام تر صورتحال میں افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔