news
کور کمانڈرز کانفرنس: بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، آرمی چیف
راولپنڈی:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی سلامتی، علاقائی کشیدگی اور پاک بھارت تعلقات کے تناظر میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت کی جانب سے جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا فوری، یقینی اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ شرکاء نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں بھارتی حکومت کے حالیہ اقدامات، جیسے کہ آئی ایس پی آر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی معطلی اور یوٹیوب چینل کی بندش کو مودی سرکار کی گھبراہٹ قرار دیا گیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے بھارت کی طرف سے خود ساختہ بحرانوں کو سیاسی و فوجی مفادات کے لیے استعمال کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے پلوامہ واقعہ اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کو بطور مثال پیش کیا گیا کہ بھارت نے کس طرح یکطرفہ اقدامات سے سٹیٹس کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔
شرکاء نے واضح کیا کہ پہلگام واقعہ بھی اسی تسلسل کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستان کی مغربی سرحدوں پر توجہ ہٹانا اور اقتصادی بحالی کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت اپنی دہشتگرد پراکسیوں کو متحرک کرنے کی کوششوں میں ناکام ہوگا۔
کانفرنس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوششوں پر بھی انتہائی تشویش کا اظہار کیا گیا، اور کہا گیا کہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا میں خطرناک عدم استحکام کو جنم دے سکتی ہے۔
فورم نے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں میں بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی براہ راست مداخلت کے ناقابل تردید شواہد پر بھی روشنی ڈالی، اور ان اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
آخر میں کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا، اور دہشتگردی، جبر یا جارحیت سے اسے روکا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائے گا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو قومی اتحاد اور فیصلہ کن اقدامات سے ناکام بنایا جائے گا۔