news

پاکستانی شہریوں کی واپسی روکی گئی، دفتر خارجہ کا بھارت سے ویزہ منسوخی پر شدید ردعمل

Published

on

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کرنا ایک سنگین انسانی مسئلہ بن چکا ہے، جس سے کئی پاکستانی شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت فوری طور پر ان پاکستانیوں کو وطن واپسی کی اجازت دے جو وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔

اپنے بیان میں شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی ویزا منسوخی کی وجہ سے کئی پاکستانی مریض اپنا علاج مکمل کیے بغیر واپس آنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ خاندانوں کے بچھڑنے، بچوں کے والدین سے جدا ہونے اور ذہنی معذور افراد کو روکنے جیسے تکلیف دہ واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اگرچہ بھارت نے واپسی کے لیے 30 اپریل 2025 کی تاریخ مقرر کی تھی، لیکن متعدد پاکستانی شہری اٹاری بارڈر پر تاحال پھنسے ہوئے ہیں، جن کا پتہ میڈیا رپورٹس کے ذریعے چلا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی حکام ان پاکستانیوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو پاکستان ان کے استقبال کے لیے تیار ہے، اور واہگہ بارڈر مستقبل میں بھی پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔

انہوں نے یاد دلایا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھی بھارتی حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی عملے کو اٹاری بارڈر پر ہراساں کیا گیا تھا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار جب بارڈر پر پہنچے تو بھارتی حکام نے ان کے پاسپورٹ لے لیے، اور میڈیا کے نمائندوں نے ان سے بدتمیزی کی۔

شفقت علی خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے انسانی بنیادوں پر سفر کرنے والے افراد، خاص طور پر ذہنی معذور مریضوں کو بھی بارڈر پر روکا جا رہا ہے۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر سے تعلق رکھنے والے محمد ارشد کا ذہنی معذور بیٹا علاج کے لیے بھارت گیا تھا، جسے گزشتہ روز پاکستان واپس آنا تھا لیکن بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے اسے سرحد عبور کرنے سے روک دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ رویہ نہ صرف انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے منافی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ انسانیت کی بنیاد پر پاکستانی شہریوں کو واپس آنے دے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version