news
کِم کارڈیشین کا انکشاف: میں امبانی خاندان کو نہیں جانتی
حال ہی میں بھارت کے معروف امیر ترین خاندان امبانی کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والی مشہور امریکی ماڈل کِم کارڈیشن نے یہ بات تسلیم کی ہے کہ وہ امبانی خاندان کو نہیں جانتیں۔
کِم کارڈیشن اور ان کی بہن کلوئی کارڈیشن نے جولائی 2024 میں دیگر بین الاقوامی ستاروں کے ساتھ مل کر امبانی خاندان کی شادی میں شرکت کی۔ ان کے ریئلٹی شو ’دی کارڈیشئنز‘ کی تازہ ترین قسط میں ممبئی کے ان کے 48 گھنٹے کے دورے کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
اداکارہ نے اپنے شو کی اس قسط میں یہ اعتراف کیا کہ وہ امبانی خاندان سے واقف نہیں ہیں، لیکن انہوں نے دنیا کے دوسرے کونے تک سفر کرکے ان کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت کی۔
پروگرام کے ایک حصے میں کِم نے کہا، “میں واقعی میں امبانی خاندان کو نہیں جانتی۔ لیکن ہمارے کچھ مشترکہ دوست ہیں۔” کِم نے یہ بھی بتایا کہ جوہری لورین شوارٹز، جو امبانی خاندان کے لیے جیولری ڈیزائن کرتی ہیں، نے انہیں بتایا کہ امبانی خاندان کارڈیشئنز کو شادی میں مدعو کرنا چاہتے ہیں۔ لورین نے مجھ سے کہا کہ وہ شادی میں جارہی ہیں اور امبانی خاندان آپ کو مدعو کرنا چاہتے ہیں۔ ہم نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ’ہاں‘ کہہ دیا۔”
کِم اور کلوئی نے شادی کے دعوت نامے کے بارے میں بھی بات کی، جو تقریباً 18 سے 22 کلو گرام وزنی تھا۔
news
بشریٰ بی بی کو جیل میں بہتر سہولیات، اسلام آباد ہائی کورٹ میں رپورٹ جمع
اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو جیل میں بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی تیار کردہ رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ یہ رپورٹ ایڈووکیٹ جنرل آفس کے ذریعے پیش کی گئی۔
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ رپورٹ وکیلِ درخواست گزار کو فراہم کی جائے، تاکہ وہ آئندہ سماعت پر اپنا مؤقف پیش کر سکیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ کیس کی آئندہ سماعت روسٹر کے مطابق ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کو جیل میں ایک علیحدہ اور کشادہ کمرے میں رکھا گیا ہے، جس میں چہل قدمی کی گنجائش موجود ہے۔ کمرے میں روشنی، پنکھا، گرمیوں کے لیے روم کولر، ایل سی ڈی، اور ایک علیحدہ کچن کی سہولت فراہم کی گئی ہے جہاں وہ کھانا خود تیار کر سکتی ہیں۔ ان کا کھانا پہلے میڈیکل آفیسر چیک کرتا ہے۔
مزید یہ کہ دن میں دو مرتبہ ان کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے اور ایک خاتون میڈیکل ایگزامنر ان کی دیکھ بھال پر مامور ہے۔ کمرے میں میز، کرسی، گدا، اور کتابوں کی الماری بھی موجود ہے تاکہ وہ آرام دہ ماحول میں وقت گزار سکیں۔ اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقات میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں دی جا رہی، تمام ملاقاتیں باقاعدگی سے کرائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے نومبر احتجاج کے 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 20 مئی تک توسیع کر دی۔ سماعت کے دوران تمام تفتیشی افسران عدالت میں موجود تھے جبکہ پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے استغاثہ کا ریکارڈ پیش کیا۔ بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک نے ان مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ہدایت دی کہ انہیں ان کے شوہر اور قانونی ٹیم کی موجودگی میں شاملِ تفتیش کیا جائے۔
news
سی سی آئی کا دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نہروں کی تعمیر کے مسئلے پر ایک ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو آگے کے لائحہ عمل کی تیاری کرے گی۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، امیر مقام اور دیگر 25 خصوصی شرکاء نے شرکت کی۔ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
کونسل نے کینالز سے متعلق 7 فروری کو ہونے والے ایکنک فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے معاملہ دوبارہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق، سی سی آئی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ باہمی افہام و تفہیم کے بغیر کوئی نئی نہریں تعمیر نہیں کی جائیں گی، اور جب تک تمام صوبے متفق نہ ہوں، وفاقی حکومت اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کرے گی۔
اجلاس میں زور دیا گیا کہ تمام صوبوں کو شامل کرتے ہوئے زرعی پالیسی اور پانی کے انتظام کے بنیادی ڈھانچے کے لیے ایک طویل المدتی اور متفقہ روڈ میپ تیار کیا جائے۔ سی سی آئی نے اس بات کو دہرایا کہ تمام صوبوں کے پانی کے حقوق 1991 کے معاہدے اور 2018 کی واٹر پالیسی کے تحت مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اجلاس کے دوران پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے کیے گئے یکطرفہ، غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔ اعلامیہ میں پوری قوم کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست ہے، لیکن اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں