news
بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے بعد گرفتار
سزا سنائے جانے کے بعد بشریٰ بی بی کو کمرۂ عدالت سے تحویل میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا سیل پہلے ہی اڈیالہ جیل میں تیار کر لیا گیا تھا۔
آج راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو 14 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
اس کے علاوہ، بانی پی ٹی آئی کو 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی دی گئی ہے۔
عدالت نے القادر یونیورسٹی کو سرکاری تحویل میں لینے کا بھی حکم دیا ہے۔
فیصلہ سناتے وقت بانی پی ٹی آئی، ان کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود تھیں۔
فیصلے کے مطابق، جرمانہ نہ دینے کی صورت میں عمران خان کو مزید 6 ماہ اور بشریٰ بی بی کو 3 ماہ اضافی قید کا سامنا کرنا ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کو کرپٹ پریکٹسز اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر 14 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ خاوند کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا دی گئی۔
news
عمران خان کا یومِ تاسیس پر پیغام: عوام نے ہر سازش کو ناکام بنا دیا
عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے 29ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جیل سے جاری کیے گئے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عوام نے تحریک انصاف کے حق میں تاریخی فیصلہ سنا کر ہر سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید ریاستی جبر، غیر آئینی ہتھکنڈوں اور میڈیا بلیک آؤٹ کے باوجود تحریک انصاف نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ایک ناقابلِ شکست اور مضبوط ترین جماعت ہے۔
اپنے پیغام میں عمران خان نے تحریک انصاف کے تمام کارکنان، حامیوں اور ووٹرز کو یومِ تاسیس کی مبارکباد دی اور کہا کہ 29 سال قبل ’انصاف، انسانیت اور خودداری‘ کے اصولوں پر تحریک کی بنیاد رکھی گئی تھی اور آج بھی پارٹی اپنے منشور پر قائم ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو آئینی اصولوں، عدلیہ کی آزادی اور اداروں کی خودمختاری کی علمبردار ہے، اور الیکشن کمیشن، نیب اور پولیس سمیت تمام ریاستی اداروں کو اثر و رسوخ سے پاک دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستی ستونوں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں عوام نے بدترین سیاسی جبر، قید و بند اور انتخابی نشان کی محرومی کے باوجود تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت سے کامیاب کیا، جس سے ثابت ہوا کہ اصل طاقت عوام کے پاس ہے اور وہ عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آج پاکستان کی واحد قومی جماعت ہے جسے چاروں صوبوں کے عوام کی حمایت حاصل ہے اور یہ وفاق کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کو اسٹیبلشمنٹ کی نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کو تحریک انصاف کی ضرورت ہے، کیونکہ صرف عوامی حمایت رکھنے والی حکومت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو کسی سہارا یا الیکٹیبلز کی ضرورت نہیں، کیونکہ یہ ایک نظریاتی تحریک ہے۔ انہوں نے ملک کی بگڑتی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے اور بیرونی سرمایہ کاری کے لیے آئین، قانون کی حکمرانی اور اداروں کی فعالیت ضروری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی بحرانوں سے نکالنے کے لیے ایک ایسی جماعت کی ضرورت ہے جو عوام کی تائید سے ادارہ جاتی اصلاحات لا سکے اور آئین و قانون کی حکمرانی قائم کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کردار صرف تحریک انصاف ہی ادا کر سکتی ہے۔
آخر میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو جمہوریت، آئین اور انصاف کی بحالی کے لیے ہر محاذ پر تحریک انصاف کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ قوم کا فخر ہیں۔
news
حافظ نعیم الرحمن: بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، کل ملک گیر ہڑتال
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہلِ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، جس کی پوری قوم یکسوئی سے تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحیت کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا کیونکہ پوری قوم متحد ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارتی اقدامات کے خلاف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سے اختلافات اپنی جگہ ہیں، لیکن پہلے دشمن کا مقابلہ کریں گے، بعد میں اپنے داخلی مسائل حل کریں گے۔ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ ختم نہیں کیا جا سکتا اور بھارت کے اقدامات جنگ مسلط کرنے کی کوشش کے مترادف ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ ہندوتوا سرکار کی پاکستان کو بنجر بنانے کی سازشوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
حافظ نعیم الرحمن نے بھارت، امریکہ اور اسرائیل کو دنیا بھر میں دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ان ممالک نے ہر جگہ انسانیت کا خون بہایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دشمن کے خلاف متحد ہے اور جنگیں قومیں لڑتی ہیں، جو جنگ قوم لڑے وہی جیتی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت میاں اسلم، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور ڈائریکٹر سوشل میڈیا سلمان شیخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کیا اور خطے میں ہولناک صورتحال پیدا کر دی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ طرزعمل نیا نہیں، اس سے قبل بھی بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان پر الزامات عائد کیے، جیسے 2001 میں پارلیمنٹ حملہ اور 2008 میں ممبئی حملے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دفتر خارجہ کو بھارتی اقدامات پر بروقت اور سخت جواب دینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت کا فائدہ پاکستان کو نہیں بلکہ بھارت کو ہوتا ہے، اور جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، بھارت سے تجارت کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کے ذریعے پوری قوم دنیا کو یہ پیغام دے گی کہ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جماعت اسلامی نے لاہور، ملتان اور کراچی میں غزہ ملین مارچ منعقد کیے اور اسلام آباد میں وفاقی دارالحکومت کی تاریخ کا سب سے بڑا غزہ مارچ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے بہادری کی تاریخ رقم کی ہے اور اسرائیل کو مزاحمت کے ذریعے شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا میں بھی لوگ حماس کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں جبکہ کچھ لوگ حماس کی مذمت کر کے امریکہ کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے فوجی اسرائیل میں اسرائیلی افواج کی مدد کر رہے ہیں۔
آخر میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آج قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مسائل حل کیے جائیں، لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے اور افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کو پہلے سخت جواب دیا جاتا تو آج اسے پاکستان کو دھمکیاں دینے کی جرات نہ ہوتی۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو اپنے اُس بیان پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے جسے بھارت نے عالمی عدالت میں پاکستان کے خلاف استعمال کیا۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں