news
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سرکاری و سفارتی پاسپورٹ پر ویزہ ختم
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزہ کی شرط ختم کر دی گئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی ایک اہم علامت ہے۔ ابوظہبی میں منعقدہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے 12ویں اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے شرکت کی، جہاں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفرا اسٹرکچر اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور یو اے ای اجلاس کے دوران تین اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں سب سے نمایاں اقدام دونوں ممالک کے سرکاری و سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزہ کی شرط ختم کرنا تھا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ معاہدہ باہمی اعتماد اور تعاون کو نئی سطح پر لے جائے گا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ علاوہ ازیں، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت میں اشتراک اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا، جو مستقبل میں دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔