news
پاکستان نے جنگ بندی کی درخواست نہیں کی، بھارتی دعوے مسترد: دفتر خارجہ
دفتر خارجہ پاکستان نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے نہ جنگ کا آغاز کیا اور نہ ہی کسی مرحلے پر جنگ بندی کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعوے سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، اور ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے تمام بیانات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا، جو اس کے خودمختار دفاع کا حق تھا۔ ترجمان کے مطابق، جنگ بندی کے عمل میں دوست ممالک خصوصاً سعودی عرب اور امریکا نے اہم سفارتی کردار ادا کیا، اور جنگ بندی کی پیشکش بھارت کی جانب سے آئی، جس کی اطلاع 10 مئی 2025 کی صبح امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دی۔ بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی اس کی تصدیق کی۔ پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر اس موقع پر سفارتی پیش رفت قبول کی، لیکن کسی قسم کی التجا یا درخواست نہیں کی گئی۔ دفتر خارجہ نے یہ مؤقف دہرایا کہ پاکستان کا دفاعی ردعمل اصولی اور قانونی تھا، اور کسی بھی پروپیگنڈے کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔