head lines

سندھ حکومت گل پلازہ حادثے میں لواحقین کو فی کس 1 کروڑ روپے کی امداد

Published

on

سندھ حکومت نے گل پلازہ آتشزدگی کے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق امدادی رقوم کی فراہمی کل سے شروع کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ گل پلازہ کے واقعے پر انہیں انتہائی افسوس ہے اور حکومت جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ریسکیو اہلکاروں کو کام کرنے دیں اور کسی کی نیت پر شک نہ کریں۔

ریسکیو اور متاثرین کی صورتحال

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں 100 سے زائد فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ آتشزدگی سے تقریباً 80 افراد متاثر ہوئے، جن میں 22 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھروں کو روانہ کر دیا گیا۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں تھیں، جن کا 40 فیصد حصہ آتشزدگی سے منہدم ہو چکا ہے۔ باقی حصہ بھی مخدوش قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کراچی کو ہدایت دی ہے کہ نقصان کا مکمل تخمینہ لگایا جائے۔

متاثرین کی بحالی اور مستقبل کے اقدامات

مراد علی شاہ نے بتایا کہ تقریباً 10 فیصد آگ اب بھی مکمل طور پر قابو میں نہیں آئی۔ متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر واقعے میں تخریب کاری کے شواہد ملے تو سخت کارروائی کی جائے گی، مگر انکوائری کا مقصد کسی پر الزام عائد کرنا نہیں بلکہ غلطیوں کا ازالہ کرنا ہے۔ ان کے مطابق اس نوعیت کی کوتاہیوں میں ہم سب کسی نہ کسی حد تک شریک ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version