head lines
پاکستان نے بنگلہ دیشی ائیرلائن کو براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی
پاکستان نے بنگلہ دیش کی قومی ائیرلائن کو براہ راست پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔
یہ منظوری ڈھاکا سے کراچی کے درمیان فضائی رابطے کے لیے دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس فیصلے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجازت نامہ جاری کیا۔
ابتدائی مرحلے میں بنگلہ دیشی ائیرلائن کو 30 مارچ 2026 تک پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ائیرلائن کو منظور شدہ روٹ پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہوگی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بنگلہ دیشی ائیرلائن کو طے شدہ فضائی راستوں پر ہی پرواز کرنا ہوگی۔
ڈھاکا سے روانگی سے قبل فلائٹ کی مکمل تفصیلات کراچی ائیرپورٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں رواں ماہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
اس اقدام سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فضائی رابطے اور سفری سہولت میں بہتری متوقع ہے۔