news
آسٹریلوی کرکٹرز نے بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی چھوڑ دی
ایشیز کی تیاری نے آسٹریلوی کرکٹرز کا فیصلہ بدل دیا۔ آسٹریلیا کے کئی بڑے نام بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے الگ ہو گئے۔ اب وہ شیفلڈ شیلڈ کے اگلے راؤنڈ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ٹریوس ہیڈ کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ وہ بھارت کے خلاف آخری دو ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلیں گے۔ فیصلہ مکمل طور پر ایشیز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے کیا گیا۔
آسٹریلیا نے اپنے سینئر کھلاڑیوں کو بھی شیفلڈ شیلڈ کے چوتھے راؤنڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹریوس ہیڈ کے ساتھ اسٹیو اسمتھ، میچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ بھی کاؤنٹی مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ قدم ٹیم کو ریڈ بال کرکٹ کے لیے تیار کرے گا، جبکہ بولرز کو مناسب ورک لوڈ ملے گا۔
ماہرین کے مطابق ایشیز انگلینڈ اور آسٹریلیا دونوں کے لیے سال کی سب سے بڑی سیریز ہے۔ اسی لیے آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے بجائے ٹیسٹ فارمیٹ پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کئی نوجوان کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ امکان ہے کہ ان کا کردار باقی دونوں میچوں میں مزید اہم ہو جائے گا۔