head lines
لاہور میں سموگ کی شدت خطرناک سطح پر پہنچ گئی
پنجاب کے کئی شہر شدید سموگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ سموگ لاہور میں خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں فضائی معیار کی سطح 500 تک پہنچ گئی۔ گجرانوالہ، شیخوپورہ اور قصور بھی بری طرح متاثر ہیں۔ گجرانوالہ میں اے کیو آئی 762 ریکارڈ ہوا، جو انتہائی خطرناک سطح ہے۔
محکمہ ماحولیات کے سرکاری اعداد و شمار نے تشویش میں اضافہ کر دیا۔ لاہور میں ایف ایف پاکستان پر اے کیو آئی 790 نوٹ ہوا۔ سول سیکرٹریٹ میں 770 اور ساندہ روڈ پر 718 تک جا پہنچا۔ بیدیاں روڈ سمیت شاہدرہ، برکی روڈ، کاہنہ، جی ٹی روڈ اور واہگہ بارڈر میں بھی فضائی معیار 500 کے قریب رہا۔ ڈی ایچ اے فیز 6 میں شرح 369 تک گری، جبکہ سفاری پارک اور پنجاب یونیورسٹی میں 350 سے زائد ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق آج صبح سموگ میں اچانک اضافہ ہوا۔ مشرقی اور جنوب مشرقی سمت سے چلنے والی ہوائیں بھارت کی جانب سے آنے والا دھواں ساتھ لا رہی ہیں۔ لدھیانہ، جالندھر، امرتسر اور ہوشیارپور سے اٹھنے والا یہ دھواں لاہور اور دیگر شہروں کی فضا کو آلودہ کر رہا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ آلودگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ صبح کے وقت ہوا کی کم رفتار نے ذرات زمین کے قریب جمع کر دیے۔ دوپہر میں معمولی کمی ممکن ہے، مگر شام اور رات میں تیز ہوائیں یہ آلودہ ذرات اندرون پنجاب منتقل کر سکتی ہیں۔ درجہ حرارت میں تبدیلی نے فضا کو مزید بوجھل کر دیا ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاط کی ہدایت دی ہے۔ بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے مریضوں کو باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ ای پی اے نے کارروائیاں بھی تیز کر دی ہیں۔ ۔