head lines
ڈی جی آئی ایس پی آر: نوجوان روشن مستقبل کے ضامن ہیں
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں اور قومی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے یہ بات غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ٹوپی (صوابی) کے دورے کے موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں حالیہ پاک افغان سرحدی جھڑپ، ملکی سکیورٹی صورتحال اور سوشل میڈیا کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود خوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں، اور پاک فوج مستقبل میں بھی ہر دشمن کی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو قوم کی فکری اور معاشی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے، کیونکہ وہی پاکستان کے روشن مستقبل کی اصل طاقت ہیں۔
یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ نے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ ایسی بامقصد نشستوں سے ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈا کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم امن و استحکام اور ملکی ترقی میں پاک فوج کے کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔