head lines
اسٹیٹ بینک کا انتباہ: جعلی ٹرانسفر اسکیموں سے ہوشیار رہیں
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شہریوں کو جعلی ٹرانسفر اسکیم سے خبردار کر دیا ہے، جو حالیہ دنوں میں ایک نیا مالیاتی فراڈ بن کر سامنے آئی ہے۔ دھوکے باز غلطی سے پیسے بھیجنے کا ڈرامہ رچا کر عوام سے رقم ہتھیا رہے ہیں۔ مرکزی بینک کے مطابق یہ شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم چرانے کا ایک باقاعدہ منصوبہ ہے۔
بینک دولتِ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی نامعلوم نمبر سے کال یا ایس ایم ایس موصول ہو جس میں دعویٰ کیا جائے کہ رقم غلطی سے آپ کے اکاؤنٹ میں بھیجی گئی ہے، تو ایسی باتوں پر یقین نہ کریں۔ ایسی کالز اور پیغامات جعلی ٹرانسفر اسکیم کا حصہ ہوتے ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی رقم کی واپسی سے پہلے اپنی حالیہ ٹرانزیکشنز چیک کریں اور تصدیق کے بغیر کوئی ٹرانسفر نہ کریں۔ اگر دھوکے کا شبہ ہو تو فوری طور پر اپنے بینک سے رابطہ کریں اور واقعہ کو پی ٹی اے ہیلپ لائن (080025625) پر رپورٹ کریں۔