head lines
الیکشن کمیشن نے پنجاب بلدیاتی الیکشن شیڈول واپس لے لیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب بلدیاتی الیکشن کے لیے جاری کیا گیا حلقہ بندیوں کا شیڈول واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب حکومت کی باضابطہ درخواست پر کیا گیا۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 منظور کر لیا ہے، جس کی گورنر پنجاب نے بھی منظوری دے دی ہے۔ اس نئے ایکٹ کے نفاذ کے ساتھ ہی لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 منسوخ ہوگیا ہے۔ اس لیے پرانے ایکٹ کے تحت جاری حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن کو واپس لینا ضروری ہوگیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت کرائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پرانے شیڈول کو واپس لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں، الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو حلقہ بندی اور ڈیمارکیشن رولز تیار کرنے کے لیے 4 ہفتوں کی مہلت دی ہے۔ کمیشن نے تنبیہ کی ہے کہ دی گئی مدت میں توسیع نہیں کی جائے گی، اور اگر مقررہ وقت میں کام مکمل نہ ہوا تو معاملے کی دوبارہ سماعت کرکے مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق پنجاب بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کی وجہ نیا ایکٹ اور انتظامی تبدیلیاں ہیں، تاہم نئی قانون سازی کے بعد بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔