head lines
نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر، لاہور دوسرے نمبر پر
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے جبکہ لاہور اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے۔ عالمی ماحولیاتی اداروں کے مطابق دیوالی کے موقع پر بھارت بھر میں ہونے والی آتش بازی اور پٹاخوں کے استعمال نے فضائی آلودگی کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق نئی دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 772 تک جا پہنچا ہے، جو انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ سطح تصور کی جاتی ہے۔ یہ انڈیکس عالمی معیار سے کئی گنا زیادہ ہے، جس کے باعث شہر کی فضا میں سانس لینا بھی دشوار ہو چکا ہے۔ اسپتالوں میں سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ رپورٹ کیا جا رہا ہے۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں دیوالی کی تقریبات کے دوران آتش بازی، دھواں، اور صنعتی فضلہ مل کر فضا کو زہریلا بنا دیتے ہیں۔ اس کے اثرات سرحد پار پاکستان کے مشرقی علاقوں میں بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔
لاہور اس وقت دنیا کا دوسرا آلودہ ترین شہر قرار دیا جا رہا ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس علی الصبح 245 ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن بھر میں یہ شرح 210 سے 240 کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی کی آلودگی کے اثرات پاکستان میں ہوا کے رخ کے ذریعے منتقل ہو رہے ہیں۔ دھرمشالہ سے چلنے والی ہوائیں گجرانوالہ کے راستے لاہور اور فیصل آباد کی سمت بڑھ رہی ہیں، جس سے اسموگ اور دھند میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ماہرین شہریوں کو ہدایت دے رہے ہیں کہ غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں، اور اسکولوں میں بچوں کو فضائی آلودگی سے بچاؤ کی آگاہی دی جائے۔