head lines
سپریم کورٹ پبلک پورٹل لانچ – عوامی سہولت کا نیا قدم
سپریم کورٹ آف پاکستان نے عوامی سہولت کے لیے جدید سپریم کورٹ پبلک پورٹل متعارف کرایا ہے جو عدالتی نظام میں شفافیت اور عوامی رسائی بڑھانے کی ایک بڑی پیش رفت ہے۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی ہدایت پر تیار کیا گیا یہ جدید آن لائن پلیٹ فارم شہریوں کو عدالتی معلومات تک فوری اور آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ پبلک پورٹل کا لنک براہ راست سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے، جہاں عوام کیسز کی معلومات نام، نمبر یا درخواست کے ذریعے باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعے شہری مقدمات کی تازہ پیش رفت، سماعت کی تاریخ، اور عدالتی فیصلوں سے متعلق اپ ڈیٹس گھر بیٹھے دیکھ سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ سپریم کورٹ نے شہریوں کے لیے ہیلپ لائن 1818 بھی فعال کردی ہے، جس کے ذریعے عوام براہِ راست سپریم کورٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ “اکثر پوچھے جانے والے سوالات” (FAQs) کے سیکشن میں عدالتی اصطلاحات اور عمومی قانونی رہنمائی بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ عام شہری نظامِ انصاف کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔