news

نیٹ فلکس سیریز ’جینی – میک اے وِش‘ پر اسلامی عقائد مسخ کرنے کا الزام

Published

on

آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی نئی کورین سیریز ’جینی – میک اے وِش‘ ریلیز ہوتے ہی شدید تنازعے کا شکار ہوگئی۔ یہ سیریز 3 اکتوبر کو ریلیز کی گئی، تاہم ناظرین کا کہنا ہے کہ اس میں اسلامی عقائد کو مسخ اور مذہبی تصورات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سیریز میں ابلیس (شیطان) کو ایک جینی یعنی جن کے طور پر مثبت اور رومانوی کردار میں دکھایا گیا ہے، جبکہ فرشتوں کو منفی کرداروں کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ناظرین نے اس مواد کو مذہبی توہین قرار دیتے ہوئے نیٹ فلکس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سیریز کی کہانی ابلیس کے گرد گھومتی ہے جو غرور میں آکر انسان کو سجدہ کرنے سے انکار کرتا ہے، لیکن بعد میں محبت میں گرفتار ہوکر سجدہ کرنے پر مجبور ہوتا ہے۔ اس میں انسان کے ایک سے زائد جنم دکھائے گئے ہیں، جو اسلامی تعلیمات کے منافی تصور کیا جا رہا ہے۔

شائقین کا کہنا ہے کہ تفریح کے نام پر مذہبی عقائد کو مسخ کرنا قابلِ مذمت ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیریز میں کورین اداکار کم وہ بن، نوح سینگ ہینگ اور بئی سوزی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

دوسری جانب، نیٹ فلکس اور ڈرامہ سازوں نے اس تنازع پر تاحال خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، البتہ ایک اداکارہ نے مؤقف دیا کہ یہ محض تفریحی مقصد کے لیے بنایا گیا ہے اور اس میں حقیقت اور فینٹسی کا امتزاج پیش کیا گیا ہے تاکہ ناظرین لطف اندوز ہو سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version